متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے این اے 246میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم جاری

ایم کیو ایم کے رہنماء مختلف علاقوں میں قائم کیمپس کا دورہ کرکے علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں

پیر 6 اپریل 2015 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے این اے 246میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم جاری ہے ۔ایم کیو ایم کے تحت مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں جہاں ایم کیو ایم کے رہنما مختلف اوقات میں دورہ کرکے علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور الطاف حسین کی جانب سے کنور نوید جمیل کو ووٹ دینے کی اپیل کی جارہی ہے ۔

انتخابی سرگرمیوں میں خواتین کارکنان بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے ووٹرکارڈز کی تیاری کا کام بھی 90فیصد مکمل کرلیا گیا ہے ۔اب پولنگ ایجنٹس کو تربیت دینے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔جبکہ انتخابی امور سے متعلق یونٹس کی سطح پر گھر گھر جاکر رابطے کیے جارہے ہیں ۔ایم کیو ایم کے ایلڈرز ونگ سمیت مختلف شعبہ جات بھی انتخابی سرگرمیو ں میں مصروف عمل ہیں ۔

(جاری ہے)

10اپریل کے بعد ایم کیو ایم حلقے میں بھرپور انداز میں عوامی اجتماعات کا آغاز کرے گی ۔علاقائی سطح پر ایم کیو ایم کے ذمہ دار اور کارکنان انتخابی مہم کے حوالے سے پوسٹرز ،ہورڈنگز ،بینرز ،جھنڈے اور الطاف حسین کی تصاویر لگانے میں مصروف ہیں ۔ایم کیو ایم کی جانب سے حلقے میں بڑا انتخابی جلسہ منعقد کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔جلسہ کی تاریخ کا اعلان رابطہ کمیٹی جلد کرے گی ۔اطلاعات ہیں کہ یہ جلسہ پولنگ سے چند روز قبل ہوگا جس سے الطاف حسین ٹیلی فونک خطاب کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :