لاہور چیمبر کی جانب سے سری لنکن صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم

معاشی تعلقات مستحکم اور مل کر کام کرنے کی راہ ہموار ہوگی‘ اعجاز اے ممتاز، صدر لاہور چیمبر

پیر 6 اپریل 2015 19:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے سری لنکاکے صدر میتھری پالا سریسینا کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں دوست ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور غربت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ سری لنکا کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے بہترین دوستانہ تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس موقع سے فائدہ اٹھاکر دونوں ممالک کو تجارتی و معاشی تعاون کو ہر ممکن حد تک فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین تعلقات کی جھلک باہمی تجارت میں بھی نظر آنی چاہیے۔

(جاری ہے)

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت کو وسعت دینے کی بہت گنجائش ہے ، دونوں ممالک کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2005ء میں دونوں ممالک نے آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دستخط کیے تھے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے تجارتی اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ باہمی تجارت اگرچہ بڑھ رہی ہے مگر اس کی رفتار بہت کم ہے لہذا دونوں ممالک کو اس سلسلے میں مشترکہ اقدامات اٹھانا چاہئیں۔ پاکستان کی سری لنکا کو برآمدات میں کاٹن فیبرک، سیمنٹ، شوگر، گندم، آئرن، سٹیل، آلو، چاول جبکہ سری لنکا سے درآمدات میں سبزیاں، ربر، فائبر بورڈ کوکونٹ، چائے، دھاگہ وغیرہ شامل ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سری لنکا میں پاکستانی مصنوعات کی وسیع گنجائش ہے سری لنکا کو پاکستان سے درآمدات بڑھانے پر غور کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :