نیشنل بنک کھلابٹ کی اے ٹی ایم مشین صارفین کیلئے ذہنی اذیت کا باعث بن گئی

اے ٹی ایم استعمال کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹ سے رقم نکلنے کے باوجودمتاثرہ صارفین بھاری رقوم سے محروم

پیر 6 اپریل 2015 18:19

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء)نیشنل بنک کھلابٹ کی اے ٹی ایم مشین صارفین کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بن گئی،اے ٹی ایم استعمال کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹ سے رقم نکلنے کے باوجودمتاثرہ صارفین بھاری رقوم سے محروم،نیشنل بنک کے اعلیٰ حکام سے سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے کر متاثرہ صارفین کو ذہنی اذیت سے نجات دلانے کا مطالبہ۔

نیشنل بنک کھلابٹ پکھرال چوک برانچ کے متاثرہ صارفین نے بتایا کہ بنک مذکور کی اے ٹی ایم مشین سے جتنی رقم نکلوانی ہوتی ہے اتنی رقم اکاؤنٹ سے تونکل جاتی ہے مگر صارفین کو مشین سے کیش نہیں ملتی جس سے صارفین سخت ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔متاثرہ صارفین نے بتایا کہ بعض سرکاری ملازمین کی پوری پوری تنخواہیں نیشنل اے ٹی ایم کی نظر ہونے سے وہ سخت ذہنی اذیت سے دوچار ہیں مگر کوئی بھی ان کا پرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

صارفین نے بتایا کہ اس ضمن میں مذکورہ بنک برانچ کے مینجر کو باقاعدہ طور پر درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں جن کا موقف ہے کہ بڑے پیمانے پر یہ مسئلہ درپیش ہے جب کہ متاثرہ سارفین نے نیشنل بنک کے اعلیٰ حکام سے پرزورمطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین صورتحال کا ہنگامی بنیادوں پر ازالہ کرکے متاثرہ صارفین کو اس تکلیف دہ صورتحال سے نجات دلائی جائے بالخصوص ان سرکاری ملازمین کو جن کی تنخواہیں ہی اے ٹی ایم کی نظر ہو گئی ہیں۔