بلدیاتی انتخابات کے بعد اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوجائیں گے ‘ماضی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے نام پر جتنی بھی حکومتیں آئیں انہو ں نے خود ہی بلدیاتی نظام کا خاتمہ کیا‘تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس کے منشور میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد شامل ہے ‘کرپشن میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف اسکے منصب یا عہدے سے قطع نظر بلا امتیاز سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کاکا فور ڈھیری پشاور میں بڑے اجتماع سے خطاب

پیر 6 اپریل 2015 18:14

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوجائیں گے ۔وہ کا فور ڈھیری پشاور میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں جمعیت العلمائے اسلام کے حاجی فرید اللہ خان اور راحیل خان کے علاوہ حاحی ریاض ٹھیکیدار‘ حاجی عبدالجلیل‘ نصیر خان‘ اظہار خان‘ جہانگیر خان‘ اسرار خان‘ ممریز خان‘ مجید خان‘ وحید گل اور احتشام احمد کے علاوہ کئی چیدہ چیدہ شخصیات نے اپنی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور سپیکر اسد قیصر کی قیادت پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا صوبائی اسمبلی کے اراکین محمود خان اور ارباب جہانداد خان‘ فرید اللہ خان اور راحیل خان نے بھی اس موقع خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس کے منشور میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد شامل ہے حالانکہ ماضی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے نام پر جتنی بھی حکومتیں آئیں انہی حکومتوں نے خود ہی بلدیاتی نظام کا خاتمہ کیا انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد لوگ اپنے فیصلے خود کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کا کام صرف قانون سازی اور پالیسیاں مرتب کرنا ہے جبکہ عام مسائل حل کرنا بلدیاتی عہدیداروں کا کام ہے انہوں نے کہا کہ پہلے اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوئے تھے مگر اس بار حقیقی معنوں میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے جارہے ہیں اور عوام خود اس بارے میں حقیقی تبدیلی محسوس کریں گے۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوبے میں پہلی بار ہر لحاظ سے شفاف احتسابی نظام رائج کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ نیب کے سربراہ کی تعیناتی کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کے سربراہ کی تعیناتی کا اختیار وزیراعلیٰ کے پاس نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اب کرپشن میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف اسکے منصب یا عہدے سے قطع نظر بلا امتیاز سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سابق ادوار میں ٹھیکوں بلکہ کلاس فور کی تک آسامیوں کے لئے بھی بولیاں لگتی تھیں مگر اب اسمبلی سیکرٹریٹ سمیت تمام محکموں میں بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ اب جس میں اہلیت اور قابلیت ہوگی‘ صرف اسے ملازمت ملے گی۔قبل ازیں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی شفاف پالیسیوں کی بھر پور حمایت کی اور کہا کہ پی ٹی آئی کے قائد عمران خان اور سپیکر اسد قیصر کی قیادت پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا مقررین نے کہا کہ عمران خان معاشرے میں حقیقی تبدیلی کی جانب گامزن ہیں۔