اوورفلو ، لیکیجز کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے سیوریج سسٹم کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے ،ایم ڈی واٹر بورڈ

پیر 6 اپریل 2015 17:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) ایم ڈی واٹربورڈ قطب الدین شیخ نے کہا ہے کہ اوورفلو ، لیکیجز کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے سیوریج سسٹم کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے ، پانی کی کمی کے باوجود منصفانہ ومساویانہ تقسیم سے شہریوں کو پانی فراہم کیا جارہا ہے ،جبکہ لائنز ایریا اور ایف ٹی سی فلائی اوور پر رساوٴ کا خاتمہ کردیا گیاہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے دن ایف ٹی سی فلائی اوور پر ڈالی جانے والے نئی پائپ لائن کے کام کے معائنہ کے دوران کیا اس موقع پر ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز جمیل اختر سپرنٹنڈنگ انجینئر WTMظفر پلیجو، ایس ای جمشید ٹاوٴن آفتاب عالم چانڈیو اور آصف قادری بھی موجود تھے ایم ڈی واٹربورڈ نے مزید کہا کہ اس مقام پر رساوٴ کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جارہا ہے اور 14انچ کی 725 فٹ نئی پائپ لائن 4کروڑ روپے کی لاگت سے تبدیل کی جارہی ہے جسے منگل تک مکمل کرلیا جائے گا ، ایف ٹی سی فلائی اوور کے قریب پائپ لائن کی مرمت کے باوجود پانی کے رساوٴ کی شکایت تھی اس وجہ سے یہاں نئی پائپ لائن ڈالنا ناگزیر تھا انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں جو کنٹونمنٹ کی حدود میں ہے واٹربورڈ کا سیوریج سسٹم موجود نہیں تاہم 400 فٹ لائین کنٹونمٹ بورڈ ڈالے گا،اس اہم مسئلہ کو واٹربورڈ بلدیہ عظمی کراچی اور کنٹونمنٹ بورڈ مشترکہ تعاون سے حل کررہا ہے البتہ نالوں اور بارش کے پانی کے اوورفلو کی صورت میں کنٹونمنٹ بورڈ ہی پانی کی نکاسی کرتا ہے تاہم واٹربورڈ بھی کے ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈ کی طرح اپنی ذمہ داری پوری کررہا ہے انہوں نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز کو ہدایت کی کہ پائپ لائین ڈالنے کا کام منگل تک لازمی مکمل کرلیا جائے اور اس سلسلہ میں دوسرے محکموں سے مکمل تعاون کیا جائے۔