وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین اسمبلی اور (ن) کے عہدیداران کی ملاقات

”خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام“ کی خود نگر انی کروں گا‘ وزیر اعلیٰ شہبازشریف

پیر 6 اپریل 2015 17:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران نے ملاقات کی اوروزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو ”خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام“ کے باقاعدہ افتتاح پر مبارکباد دی۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”پکیاں سڑکاں …سوکھے پینڈے“ایک انقلابی پروگرام ہے جس سے دیہی معیشت کو استحکام ملے گا اوردیہی آبادی کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے اور منفرد پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ دیہی علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

پروگرام کی ذاتی طو رپر خود نگرانی کروں گا۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال پہلے مرحلے میں 2ہزار کلومیٹر سے زائد طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر 15 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔

سڑکوں کی کم از کم چوڑائی 10 فٹ سے بڑھا کر 12 فٹ کر دی گئی ہے۔دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کو پنجاب حکومت کے سابق منصوبوں کی طرح تیزرفتاری، شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراکین اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں اس تاریخی پروگرام کے حوالے سے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام کا خود جائزہ لیں۔