اظہر علی کے قومی ٹیم کے کپتان بننے بارے حیران کن انکشاف

پیر 6 اپریل 2015 13:46

اظہر علی کے قومی ٹیم کے کپتان بننے بارے حیران کن انکشاف

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) پاکستان ون ڈے ٹیم کے نوجوان کپتان اظہر علی کو قیادت ملنے سے متعلق حیران کن بات سامنے آئی ہے۔ اظہر علی کو جس پرفارمنس کی بنیاد پر کپتانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں دراصل وہ اس کارکردگی کے باوجود ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ تک نہیں بنا سکے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی نے اظہر علی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے لیکن سابقہ چیف سلیکٹر نے انہیں اتنی بھی اہمیت نہیں دی کہ وہ عالمی کپ کے سکواڈ میں بھی شامل کرلئے جائیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا روانگی سے قبل پاکستان میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کرایا گیا جس میں ایک ٹیم کی قیادت اظہر علی نے کی اور ٹورنامنٹ میں انہوں نے دو سنچریاں کرکے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا لیکن اس کے باوجود وہ ورلڈ کپ کی حتمی ٹیم میں شامل نہ ہوئے۔ حیران کن طور پر جب ڈومیسٹک کارکردگی کی بنیاد پر وہ ٹیم میں شامل تک نہیں ہوسکے لیکن اسی کارکردگی کو بنیاد بناتے ہوئے سلیکٹرز نے انہیں ون ڈے کا کپتان بنا دیا۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ اظہر علی نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں کوئی ایک بھی انٹرنیشنل ون ڈے میچ نہیں کھیلا۔