پاکستان علماء کونسل نے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی مذہبی جماعتوں سے سعودی عرب کے استحکام، حرمین شریفین کے دفاع و سلامتی کیلئے متفقہ قرار داد منظور کرنے کی اپیل کی ہے،علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کی مکہ مکرمہ میں مختلف ممالک کے علماء و مشائخ کے وفود سے گفتگو

اتوار 5 اپریل 2015 22:26

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اپریل۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل نے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی مذہبی جماعتوں سے سعودی عرب کے استحکام، حرمین شریفین کے دفاع و سلامتی کیلئے متفقہ قرار داد منظور کرنے کی اپیل کی ہے۔وہ یہاں مختلف ممالک کے علماء و مشائخ کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک سعودی عرب نے پاکستان کو کسی بھی مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا۔ پاکستان کی حکومت کو عوام کے جذبات کے مطابق سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون کرنا چاہیے۔سعودی عرب اور یمن کی صورتحال پر پاکستان کا موٴقف قوم کی ترجمانی ہے اور حکومت کو دنیا پر واضح کردینا چاہئے کہ سعودی عرب پر کسی قسم کی جارحیت قبول نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور جغرافیائی سرحدوں کو خطرہ ہونے کی صورت میں افواج پاکستان کو جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے بھیجا جانا چاہئے۔انہوں نے پارلیمنٹ میں موجود مسلم لیگ (ن)،پاکستان پیپلز پارٹی ،متحدہ قومی موومنٹ،پاکستان تحریک انصاف ،اے این پی سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے کل ہونے والے اجلاس میں حرمین شریفین کی سلامتی اور سعودی عرب کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے متفقہ قرارداد منظور کریں،انہوں نے کہا کہ بعض بیرونی قوتیں مسلم ممالک میں دخل اندازی کے زریعے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں جس کی واضح مثال یمن میں باغیوں کی مددہے سعودی عرب نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے ۔

اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مولانا محمد امجد،مولانا عبد الجبار،مولانا اکبر ضیاء ودیگر بھی موجود تھے۔