(ن) لیگ نے انتخابات میں کیے سارے وعدے پورے کردئے، عالمی تنازعات میں معاونت پاکستان کے وقار میں اضافے کا ثبوت ہے،پاکستان کی ہاں میں اب دنیا کے ہاں ہونا شروع ہو گئی ہے،گورنر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کا سانگلہ ہل میں کھیت سے مارکیٹ تک سڑک کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 5 اپریل 2015 19:27

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اپریل۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان/ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہر وہ وعدہ پورا کیا جو اس نے انتخابات میں کیا تھا۔ پاکستان کے مسائل ماضی کے قصے بنتے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان آج اس مقام پر پہنچ چکا ہے کہ پاکستان کی ہاں میں اقوام عالم کی ہاں ہونا شرو ع ہو گئی ہے اور پاکستان کا عالمی تنازعات کے حل میں معاونت کرنا پاکستان کے عالمی سطح پر وقار میں اضافے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وہ اتوار کو یہاں سانگلہ ہل میں کھیت سے مارکیٹ تک سڑک کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ وہ حکومت پنجاب کی طرف سے اعلان کردہ 2 ہزار کلومیٹر کھیت سے مارکیٹ تک سڑکوں کی تعمیر کے پہلے مرحلے میں سانگلہ ہل میں پہلی سڑک کا افتتاح کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

یہ سڑک یوسف والا سے شروع ہو کرسانگلہ ہل شاہکوٹ روڈ پر روہڑی والا کے مقام پر منسلک ہوگی۔

اس سڑک سے پنڈت پورہ، جھگیاں، ہمراج پورہ ، یوسف والا اور دیگر کئی گاؤں براہ راست مستفید ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے انتخابات میں کیے سارے وعدے یا تو پورے کر دیئے یا پھر ان میں خاطر خواہ پیش رفت ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں میاں محمد نواز شریف ہی واحد امید کے طور پر سامنے آئے جبکہ وزیر اعظم بھی عوام کی امیدوں پر پورا اترے۔

آج بلوچستان میں امن امان کی صورت حال پہلے سے بہت بہتر ہو چکی ہے جبکہ کراچی میں جرائم کے خلاف کامیاب آپریشن اور دہشت گردوں کی کمر میں کامیاب وار موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب حکومت نے کھیت سے مارکیٹ تک پختہ اور کارپٹ سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں 2000 کلومیٹر سڑکیں 15 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس پروگرام سے صوبے میں خوشحالی آئے گی۔

متعلقہ عنوان :