ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت کی تیاریاں مکمل ، 10 اپریل کو ڈائریکٹر ی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی جائیگی، ڈائریکٹری کی اشاعت کے بعد اہم انکشافات متوقع ہیں ، ترجمان ایف بی آر

اتوار 5 اپریل 2015 17:32

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء) ایف بی آر کے ترجمان شاہد حسین اسد نے کہا ہے کہ سال 2014کی جنرل ٹیکس ڈائریکٹری اور پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، 10اپریل کو دونوں ٹیکس ڈائریکٹریاں ایف بی آر کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دی جائیں گی، جس میں بڑے بڑے سیاستدانوں اور کاروباری حضرات کی آمدنی و ٹیکسوں کے حوالے سے اہم انکشافات ہوں گے، ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت میں تاخیر کسی دباؤ کی وجہ سے نہیں ہوئی۔

وہ اتوار کو یہاں آئی ایف پی سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014کے مینوئل ٹیکس گوشوارے گزشتہ سال کے مقابلے میں بڑی تعداد میں جمع ہو نے کی وجہ سے انہیں ترتیب دینے اور کمپیوٹرپر ڈیٹا انٹری میں کافی وقت خرچ ہونے کی وجہ سے نئی جنرل ٹیکس ڈائریکٹری اور پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت میں تاخیر ہوئی، جس پر عوام سے معذرت خواہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبران لینڈ ریونیو (پالیسی) اور ترجمان شاہد حسین اسد نے کہا کہ سال 2014کی جنرل ٹیکس ڈائریکٹری اور پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں جبکہ اس میں مزید کوئی تاخیر نہیں ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 10اپریل کو ایف بی آر کی ویب سائیٹ پر جنرل ٹیکس ڈائریکٹری 2014اور پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹر 2014اپ لوڈ کر دی جائے گی، جس میں بڑے بڑے سیاستدانوں اور کاروباری حضرات کی سالانہ آمدنی و ٹیکسوں کے حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل ٹیکس ڈائریکٹری 2014اور پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹری2014کی اشاعت کی تاخیر ہرگز کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں جبکہ نہ ہی وزارت خزانہ نے اس حوالے سے کوئی خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔

متعلقہ عنوان :