صوبائی حکومت نے آئندہ ستمبر میں بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کیلئے واضح حکمت عملی تیار کر لی

اتوار 5 اپریل 2015 17:04

فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء) صوبائی حکومت نے آئندہ ستمبر میں بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کے لئے واضح حکمت عملی تیار کی ہے‘ اس حکمت عملی کے تحت پنجاب بھر کے تمام ڈویژن اور اضلاع کی دیہاتوں میں کچی اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کو پختہ کرنے اور ان کو بڑی شاہراہوں کے ساتھ منسلک کرنے کا منصوبوں پر عملدرامد شروع کر دیا گیا ہے ابتدائی طور پر ان سڑکون پلوں کی تعمیر کے لئے 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

آن لائن کے مطابق مسلم لیگ ن نے آئندہ بلدیاتی انتخابات یونین کونسل سے لے کر ضلع کونسل اور کارپوریشن کی سطح پر ممبران کی اکثریت کو منتخب کرانے کے ساتھ ساتھ ضلع کونسل چیئرمین اور شہروں کے میونسپل کمیٹیوں اور بڑے شہروں کی میونسپل کارپوریشنوں میں اپنا مہر اور ڈپٹی مہر منتخب کرائے جائیں گے تاکہ حکومت کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا کرنا نہ پڑ سکے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں آن لائن کو مزید معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اراکین ہر ضلع میں تعمیراتی کاموں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ بعض اضلاع میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نگرانی کریں گے۔ مسلم لیگ ن کو بتایا گیا تھا کہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف دیہاتوں سے لے کر شہر کی سطح پر مسلم لیگ ن کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور آنے والے انتخابات میں تحریک انصاف کی نوجوان نسل انتخابات میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

چنانچہ حکومت نے مختلف سرکاری ایجنسیوں اور ضلعی انتظامیہ سے مفصل رپورٹ حاصل کرنے کے بعد مختلف منصوبہ جات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے گزشتہ روز 15 ارب روپے کی لاگت سے دیہاتوں میں کچی سڑکوں کو پکا کرنے کے منصوبے کی بنیاد رکھ دی ہے جبکہ فیصل آباد میں سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے جڑانوالہ روڈ پر اور اسی طرح صوبائی وزرا اور ممبران اسمبلی نے اپنے اپنے اضلاع میں سڑکوں اور دیگر تعمیراتی منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ان منصوبوں کی نگرانی کے لئے ہر دیہات سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں گاؤں کے نمبرداروں اور بڑے بڑے زمینداروں کاشتکاروں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی وساطت سے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :