وزیر اعظم نے پنجاب کے 11اضلاع سمیت ملک بھر میں 73 نئے پاسپورٹ آفس قائم کرنے کی حتمی منظوری دے دی

اتوار 5 اپریل 2015 16:48

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء) ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبہ پنجاب کے 11اضلاع اور ملک بھر میں 73 نئے پاسپورٹ آفس قائم کرنے کیلئے وزارت داخلہ کی سفارش پر وزیر اعظم میاں نواز شریف نے حتمی منظوری دے دی ہے ،جن کے جلد قیام کیلئے نئے مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں فنڈز جاری کردئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شہریوں اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے پرزور مطالبہ پر وزیر اعظم میاں نواز شریف نے وفاقی وزارت داخلہ سے اس کے متعلق رپورٹ طلب کی تھی ،چنانچہ وزارت داخلہ کی طرف سے ملک کے 73اضلاع میں پاسپورٹ دفاتر کے قیام کی سمری موصول ہونے پر وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے 11اضلاع خانیوال ،بھکر ،خوشاب ،لاہور تھری ،لیہ ،لودھراں ،ننکانہ صاحب ،پاکپتن ،شیخوپورہ ،راجن پور ،سندھ کے 18اضلاع بدین،دادو ،گھوٹکی ،جیکب آباد ،جام شورو ،کشمور ،خیر پور ،مٹیاری ،میر پور خاص ،نوشہرہ فیروز ،قمبر ،شہداد کوٹ ،سانگھڑ ،شکارپور ،ٹنڈو اللہ یار ،ٹنڈو محمد خاں ،مٹھی (تھرپارکر) ،ٹھٹھہ اور عمر کوٹ ،جبکہ خیبر پختونخواہ کے 11اضلاع چارسدہ ،کرک ،نوشہرہ ،شانگلہ ،کوہستان ،مانسہرہ ،تور غر ،بشام ،اورکزئی اور بلوچستان کے 22،آزاد کشمیر کے 6اضلاع میں نئے پاسپورٹ آفس قائم کرنے کی حتمی منظوری دے دی ہے ،جس کیلئے وزارت داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو احکامات جاری کردئیے ہیں ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پاسپورٹ آفس کے قیام کی منظوری کروانے پر شہری حلقوں نے اراکین قومی اسمبلی محمد جنید انوار چوہدری اور چوہدری اسد الرحمن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ،اور امید ظاہر کی ہے کہ انکے منتخب نمائندے آئندہ بھی علاقہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :