محکمہ کسٹمز کے وی بوک کسٹمز کلیئرنس سسٹم میں کنٹینرز کے اعدادوشمار میں تبدیلی پر کنسائمنٹس ضبط کرنے کا عندیہ دے دیاگیا

اتوار 5 اپریل 2015 15:22

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء)محکمہ کسٹمز کے وی بوک کسٹمز کلیئرنس سسٹم میں کنٹینرز کے اعدادوشمار میں تبدیلی کی نشاندہی کی صورت میں کنسائمنٹس ضبط کرنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ کسٹمز کے ڈائریکٹوریٹ آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن نے ”وی بوک“ کسٹمزکلیئرنس سسٹم میں وسیع پیمانے پرترامیم کرتے ہوئے تمام کسٹمز کلکٹریٹس کو یہ ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ ایسے کنٹینرز ضبط کرنے کے مجاز ہیں جس میں اعدادوشمار کی تبدیلی کی نشاندہی ہوجائے۔

ذرائع نے بتایا کہ وی بوک کلیئرنس سسٹم کے سافٹ ویئر میں کی جانیوالی ترامیم سے متعلق تمام کلکٹریٹ کو مطلع کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ نے ہدایت کی ہے کہ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) میں اسسٹنٹ وڈپٹی کلکٹرزکم از کم 15 روز کیلیے دستیاب ہوں تاکہ جہاز راں کمپنیوں اورکسٹمزکلیئرنگ ایجنٹس کو مینیفسٹ میں تبدیلی میں وہ معاونت کرسکیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ٹرمینل آپریٹرز کسی بھی ایسے کنٹینر کو ڈی این ڈی (ڈو ناٹ ڈسٹرب) کا درجہ دینے سے گریز کریں جن میں اعدادوشمار میں ردوبدل کیا گیا ہو۔

مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، اسسٹنٹ کلکٹر اور ڈپٹی کلکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے کنٹینر کو ضبط کرکے شپنگ لائنز اور ایجنٹس کو اطلاع دیں، وی بوک سافٹ ویئر میں ترامیم کا مقصد کسٹمز انٹیلی جنس کی رسائی آسان بنانا ہے، ترمیم شدہ وی بوک سسٹم میں کسٹمز انٹیلی جنس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو باآسانی مانیٹر کر سکیں گے، آئی اینڈ آئی ان لینڈ ریونیوکا ایڈیشنل ڈائریکٹر یا ڈپٹی ڈائریکٹر کوٹہ بیلنس کی تفصیلات بھی چیک کرسکے گا۔

آئی اینڈ آئی کو یہ بھی سہولت دی گئی ہے کہ وہ این ٹی این کی بنیاد پرگڈزڈیکلریشن(جی ڈی) اور اس پر ادا کی گئی ڈیوٹی اور ٹیکسز کی رپورٹ مرتب کرسکیں۔ ڈائریکٹوریٹ نے آئی اینڈ آئی کیلیے ایسا ماڈیول بھی تیار کرلیا ہے جس سے برآمدات کی بھی نگرانی ممکن ہوگئی۔ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ویئر ہاوٴس کے ”ان“ گیٹ پر خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے لیکن وی بوک سافٹ ویئر میں حالیہ ترمیم کی وجہ سے ایسی خامیوں کی نشاندہی متعلقہ سافٹ ویئر کر دیگا۔