انڈین پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب ، بالی ووڈ کا بھر پور تڑکا لگایا جائے گا

سیف علی خان میزبان، انوشکا شرما ،رتیک روشن اور شاہد کپور فن کا مظاہرہ کریں گے

اتوار 5 اپریل 2015 13:42

کولکتہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء )انڈین پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب منگل کو کولکتہ میں ہوگی۔اس بار بھی بالی ووڈ کا بھر پور تڑکا لگایا جائے گا۔اداکار سیف علی خان میزبان جبکہ رتیک روشن اور شاہد کپور فن کا مظاہرہ کریں گے، تمام8ٹیموں کے کپتان ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ حلف اٹھائیں گے، دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو کپتان گوتم گمبھیر مقابلے کیلیے ٹرافی واپس کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب منگل کی شام کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں سجائی جائے گی۔اس کیساتھ ہی سیزن 8کے باقاعدہ آغاز کا اعلان ہوگا۔ حسب سابق اس بار بھی افتتاحی تقریب کو بالی ووڈ کا بھر پور تڑکا لگایا جائے گا، جس سے یہ کسی اسپورٹس ایونٹ کے بجائے میوزک کنسرٹ میں تبدیل ہو جائے گی، اس بار رتیک روشن اور شاہد کپور جیسے میگا اسٹارز پر فارم کرنے والے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ آئی پی ایل کے آٹھویں سیزن کا آغاز بھی تفریح سے بھرپور ہوگا، تقریب کے میزبان سیف علی خان ہوں گے۔دیگر بالی ووڈ اسٹارز میں فرحان اختر اور انوشکا شرما کے ساتھ میوزک ڈائریکٹر پریتم بھی موجود ہوں گے۔ ٹھاکر نے مزید کہا کہ تقریب میں تمام8 ٹیموں کے کپتان ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ حلف اٹھائیں گے، یہ اس بات کی علامت ہوگا کہ ایونٹ ہمیشہ کی طرح اس بات بھی کھیل کی حقیقی روح کے مطابق ہی کھیلا جائیگا۔ یاد رہے کہ دفاعی چیمپئن ٹیم کا اعزاز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے پاس ہے، اس کے کپتان گمبھیر نئے مقابلے کیلیے ٹرافی واپس کر دیں گے۔