اے این ایف کی مختلف علاقوں میں 67 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی ہیروئن اورچرس برآمد ،7ملزمان گرفتار

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء)اے این ایف حکام نے ملک کے مختلف علاقوں میں 6 کارروائیوں کے دوران67 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی ہیروئن اورچرس برآمد کر لی،ایک نائجیرئن باشندے سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیاگیا، 2 گاڑیاں قبضے میں لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ۔واقعات کے مطابق، اے این ایف راولپنڈی نے کاروائی کرتے ہوئے جہلم شہر میں واقع شاہین کارگو کے دفتر سے گنے کا جوس بنانے والی مشین پر مشتمل ایک مشتبہ ترسیل کو قبضے میں لے لیا، جو برطانیہ ارسال کی جا رہی تھی۔

دوران تلاشی مذکورہ مشین سے 5 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی، جو کہ مشین کے ڈرم رولر وں میں مہارت سے چھپا ئی گئی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ، مذکورہ مشین لاہور کے رہائشی امجد علی نامی شخص نے برطانیہ ارسال کرنے کے لئے بک کروائی تھی، جو کہ ہیریسن روڈ، لیسسٹر ،برطانیہ میں مقیم عمر محمود نامی شخص نے وصول کرنی تھی،اے این ایف راولپنڈی ائر پورٹ ٹیم نے بینظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر معمول کی نگرانی کے دوران gochuku Promise Ebere نامی نائجیرئن باشندے کو حراست میں لے لیا جس نے اپنے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔

(جاری ہے)

ملزم امارات ائرلائن کی پرواز نمبر EK-615 سے دبئی روانہ ہو رہا تھا اور دبئی پہنچنے کے بعد ملزم لاگوس روانہ ہونا چاہتا تھا،اے این ایف راولپنڈی نے منشیات کی مقامی ترسیل میں ملوث اسلام آباد کے رہائشی جمیل احمد نامی شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ ملزم کو اسلام آباد چک شہزاد میں واقع ترامڑی چوک کے قریب سے گرفتار کیا گیا، جب وہ منشیات فراہم کرنے کی غرض سے کسی قریبی علاقے میں جا رہا تھا،اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے مخبر کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان محمد فرمان سکنہ پشاور اور ولی خان سکنہ گوجرانوالہ کو 2.4 کلو گرام چرس رکھنے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔

ملزمان کو مرکزی موٹر سے شیخوپورہ انٹرچینج کے قریب سے گرفتار کیا گیا جب وہ موٹر سائکل پر سفر کر رہے تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم محمد فرمان دوسرے ملزم ولی خان (مقامی منشیات فروش) کو منشیات فراہم کرنے کی غرض سے پشاور سے آیا تھا،اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے ٹھوکر نیاز بیگ ،لاہور کے قریب ناکے پر ایک ٹیوٹا کرولا جی ایل آئی کار کو قبضے میں لے لیا۔

دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 7.2 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ گاڑی میں موجود ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی رحمت اللہ نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم مقامی منشیات فروشوں کو منشیات مہیا کرنے کی غرض سے لاہور شہر جا رہا تھا،اے این ایف کراچی نے خفیہ اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے کراچی ملیر کے علاقے آسو گوٹھ میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر عمارت کے اندر چھپائی گئی 250 کلو گرام چرس قبضے میں لے لی۔ موقع پر موجود کراچی کے رہائشی 2 ملزمان محمد عمیر اور شاہ زیب کو تفتیش کی غرض سے حراست میں لے لیا گیا،تما م زیرِ حراست ملزمان کے خلاف مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ۔