چند ہزار لوگوں نے ملک کے 20کروڑ عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے،عوام کو خوشنماء نعروں کے ذریعے گمراہ کیا جارہا ہے،عبدالمتین اخونزادہ

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:24

سبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء )جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر عبدالمتین اخوندزادہ نے کہا ہے کہ چند ہزار لوگوں نے ملک کے 20کروڑ عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے،عوام کو خوشنماء نعروں کے ذریعے گمراہ کیا جارہا ہے،منتخب عوامی نمائندوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے ووٹ لینے کے بعد عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے ملک میں سالانہ آٹھ ارب روپے ٹیکس چوری ہورہا ہے ،پاکستانی عوام حکمرانوں کے غلام بن چکے ہیں،جماعت اسلامی غلامی کی زنجیریں توڑ کر خوشحال اسلامی پاکستان کے قیام کے لیے کوشاں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میں جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کے آغاز کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ،قبل ازیں تقریب سے جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر عبدالمتین اخوندزادہ،جنرل سیکرٹری بشیر احمد ماندائی،الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی سینئر نائب صدر میر مظفر نذرابڑو،میجر ائے کے شاہین و دیگر نے بھی خطاب کیا،امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالمتین اخوندزادہ نے کہا کہ چند ہزار سرمایہ دار طبقہ نے ملک کے 20کروڑ عوام کو یرغمال بنا کر حکمرانی کررہے ہیں اور ووٹ لینے کے بعد یہی حکمران غریب عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے ہیں اور انہی چند لوگوں نے اپنے حق سے زیادہ زر،زمین اور طاقت حاصل کرلی ہے اور انسانوں کی گردنوں پر سوار ہوکر ان پر غربت اور جہالت مسلط کر رکھی ہے، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کے ساتھ چھ دہائیاں گزر جانے کے باوجود آج بھی ملک کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں جن کا عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ آٹھ ارب روپے کے ٹیکسز چوری ہوتے ہیں جبکہ عام آدمی اگر ماچس خریدتا ہے تو اس میں بھی جی ایس ٹی ادا کرتا ہے اور سرمایہ دار و حکمران طبقہ ٹیکسز ادا نہ کرکے اپنے کالے دھن میں اضافہ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹ گھسوٹ کا بازار گرم ہے اور جائز سے جائز کام بھی سفارش اور رشوت کے بغیر نہیں ہوسکتا ہے ،جان و مال عزت و آبرو داؤ پر ہے تعلیم کا معیار پست اور اخلاق کا حال اس سے بھی زیادہ بگڑ چکا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارئے حکمرانوں کا قبلہ امریکا بن چکا ہے جو امریکا کے غلام ہیں اور غلاموں نے عوام کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا ہے ،لیکن جماعت اسلامی غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر ملک کے عوام کو خوشحال اسلامی پاکستان فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے نظریے اور فکر کے تحت ایسا اسلامی لٹریچر تیار کیا ہے جس نے فکری محاذ پر سوشل ازم،کمیونزم،سرمایہ داری اور قوم پرستی کو شکست دی ہے اور نئی نسل کو اسلام کے ساتھ وابسطہ کردیا ہے انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو چاہیے کہ وہ جماعت اسلامی کی فکر اور سوچ کو گھرگھر پہنچائیں تاکہ خوشحال و اسلامی پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا جاسکے اور سرمایہ دارانہ تسلط کے تابوت میں کیل ٹھونکی جاسکے۔