جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم کا آغاز ،لاکھوں افراد کو ممبر بنایا جائے گا،جماعت اسلامی

دعوتی کیمپوں کا قیام ،وفود کی صورت میں گھر گھر رابطہ ،اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا پیغام پہنچایا گیا

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے اعلان کے مطابق 3تا 15اپریل پورے ملک میں شروع ہونے والی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں کراچی میں بھی مہم کا آغاز ہو گیا ہے، جماعت اسلامی کراچی کے تحت یہ مہم پورے مہینے جا ری رہے گی اور لاکھوں افراد سے رابطہ کیا جائے گا اور ان کو جماعت اسلامی کا ممبراور ووٹر بنایا جائے گا۔

مہم کے سلسلے میں کراچی میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان وفود کی صورت میں عوام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور گھر گھر جا کر انہیں جماعت اسلامی کی دعوت پہنچا رہے ہیں ،مہم کا سلوگن ”اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان “مقرر کیا گیا ہے ،لوگوں سے ملاقاتوں اور دعوتی وفود میں عوام کو اسی مرکزو محور کے گرد جمع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ،مہم کے سلسلے میں مختلف اضلاع اور زونز کے تحت دعوتی کیمپس بھی قا ئم کر دیے گئے ہیں ،درجنوں مقامات پر عوامی اجتماعات اور کارنرز میٹنگز کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے اور لوگوں کو ان میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے ،دعوتی فلوٹس بھی بنائے گئے ہیں جن کے ذریعے سے جماعت اسلامی کے پیغام اور” عوامی ایجنڈے“ کو عوام تک زیادہ سے زیادہ تعداد میں پہنچایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں 11اپریل کو ”کاروان دعوت “بھی نکالا جائے گا جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی طور پر شرکت کریں گے ۔مہم کو مانیٹر کرنے کے لیے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس حاصل کرنے کے لیے ادارہ نور حق میں دعوتی مہم ڈیسک قائم کر دی گئی ہے ، اضلاع اور زونز کے تحت بھی یہ ڈیسک قائم کی جا رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :