حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے جانوں کی بازی لگادیں گے، حافظ احمدعلی

سعودی عرب سے ہماری جذباتی وابستگی ہے اسلام کے محورومرکزکا مکمل تحفظ کریں گے، جے یوآئی

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے جانوں کی بازی لگادیں گے، سعودی عرب سے ہماری جذباتی وابستگی ہے اسلام کے محورومرکزکا مکمل تحفظ کریں گے، سعودی عرب حکومت ہمارے ہر مشکل وقت میں کام آئی ہے، ہمیں بھی آج برے وقت میں ان کی بھرپورمددکرنی چاہئے، حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے، یمن باغیوں کو کچلنے کے لئے پاکستانی فوج ضرور سعودی عرب بھیجی جائے،یہ باتیں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے تحریک دفاع حرمین شریفین کے تحت منائے گئے یوم عزم تحفظ حرمین شریفین کے موقع پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر امیر کراچی ڈویژن الحاج قاری عبدالمنان انور نقشبندی، صوبائی ناظم مفتی حماداللہ مدنی، قاری عبدالحئی شیخ، پیر لیاقت شاہ، مولانااقبال اللہ، مولاناحضرت ولی ہزاروی، قاری سیف الرحمٰن، خواجہ سیف الاسلام ایڈوکیٹ، علامہ آفاق عصری، مولاناخواجہ احمدالرحمٰن یارخان، قاری عبدالغفورشاکر، قاری لیاقت رحمانی، علی محمدجاپانی، غلام دستگیرگجر، غلام صمدانی گجر،سیداقبال علی، حافظ سلمان ودیگرنے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ احمدعلی نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام تحریک دفاع حرمین شریفین کے تحت ملک بھر میں حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل ہے، اس پلیٹ فارم سے سعودی عرب کے تحفظ کے لئے بھرپورتحریک چلائی جارہی ہے اور حکومت پاکستان کو مجبورکریں گے کہ یمنی باغیوں کو کچلنے کے لئے افواج پاکستان کو سعودی عرب بھیجاجائے اور وقت پڑنے پر پاکستانی ایٹم بم کو بھی استعمال کیاجائے، حرمین شریفین سے ہمارے دل دھڑکتے ہیں ان کی حرمت پر اس سے پہلے کہ کوئی آنچ آئے اپنی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور جولوگ یمنی باغیوں کو کچلنے کی مخالفت کررہے ہیں وہ جواب دیں کہ وزیرستان میں ڈرون حملوں پر کیوں خاموش تھے؟۔

انہوں نے کہاکہ تحریک دفاع حرمین شریفین کے کنوینر مولاناعبدالرؤف فاروقی کی قیادت میں مسلمانان پاکستان بھرپورتحریک چلانے کے لئے تیارہیں اور قائدین کی کال پر نعرہء تکبیر بلند کرتے ہوئے میدان عمل میں ہوں گے۔اس سلسلے میں ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے جے یوآئی رہنماؤں اور علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے یمنی باغیوں کی سرکوبی کے لئے عالم اسلام کے متحدہونے پر زوردیا۔