میٹرک کے سالانہ امتحانات برائے سال 2015کا انعقاد 7 اپریل سے ہوگا، فصیح الدین خان

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے اعلامیہ کے مطابق سالانہ امتحانات برائے سال 2015کا انعقاد 7 اپریل 2015سے ہورہا ہے ۔الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان نے میٹرک کے امتحانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال تقریباً 325000 سے زائد طلباء امتحان میں شریک ہورہے ہیں اس کی تفصیل اس طرح ہے نویں سائنس گروپ میں طلبہ 76112، طالبات66336، (کل 140448)، دسویں سائنس گروپ میں طلبہ 75345، طالبات62317، (کل137662)، نویں جنرل گروپ میں طلبہ 5399، طالبات 1780، (کل 7179)، دسویں جنرل گروپ میں طلبہ 4088، طالبات 12801)، جبکہ نہم و دہم پرائیویٹ گروپ میں طلبہ 10634، طالبات 3893،(کل 14527)، طلباء شریک ہورہے ہیں ۔

امتحانات کے انعقاد کے سلسلے میں 413امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جس میں 223طلبہ کے لئے اور 190 طالبات کے لئے جبکہ قیدی طلباء کے لئے سینٹرل جیل بھی ایک امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ 117حساس امتحانی مراکز ہیں جو ٹاؤنز کی سطح پر ہیں جن میں بوائز 64اور گرلز کے 53امتحانی مراکز ہیں۔ ان تمام کی تفصیلات قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

امتحان میں نقل کی روک تھام کے لئے 34اسپیشل ویجلینس ٹیمیں بنائی گئی ہیں جس میں ڈائریکٹر اسکولزو ڈائریکٹر پرائیو یٹ اسکولز ، اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر ز اور سینئیر اساتذہ شامل ہیں ۔ 413سینٹر کنٹرول آفیسر ز (C.C.Os) کا تقرر کیا گیا ہے جو امتحانی مراکز پر بحفاظت امتحانی پرچوں کی ترسیل کو یقینی بنائیں گے۔ 8حب مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں سے امتحانی پرچہ جات کی بہتر اوربحفاظت سے ترسیل ممکن ہوگی۔

امتحانات میں کسی بھی قسم کی غیر شفافیت کو روکنے کے لئے بورڈ ہذا میں ایگزامینشن رپورٹنگ سیل قائم کیا گیا ہے جس میں بورڈ کے سینئر افسران موجود ہونگے ۔ایگزامینشن رپورٹنگ سیل کے فون نمبرز ((99260251,99260252-6 Ext. 327 ہیں ۔ اسکے علاوہ کمشنر آفس میں بھی ایک شکایتی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ قانون نا فذ کرنے والے اداروں کو بھی خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں جس میں اُن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں ۔

ہم نے کے ۔الیکٹرک سے درخواست کی ہے کہ دورانِ امتحان بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ دوران امتحان امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144نافذالعمل رہے گی۔ امتحانی مراکز پر موبائل فون لانے پر پابندی ہوگی۔ حساس امتحانی مراکز پر ایکسٹرنل سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو تعینات کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر اسکولز ، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولزامتحانی مراکز کا اچانک دورہ کریں گے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان نے کہا کہ شفاف امتحان کا انعقاد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اُنہوں نے تمام امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹس سے کہا کہ وہ اپنے اپنے امتحانی مراکز میں تما م طلبہ و طالبات کو سہولیات بہم پہنچائیں۔ نقل کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر سیکریٹری میٹرک بورڈ حور مظہر اور ناظم امتحانات نعمان احسن بھی موجود تھے۔