وزیراعظم محمد نواز شریف کی ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

ہفتہ 4 اپریل 2015 21:55

اسلام آباد /لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر دنیا بھر بالخصوص پاکستان کی مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشخبری کے نقیب کی حیثیت سے ایسٹر انسانی زندگی میں بھلائی اور صالح اوصاف کی طرف مائل ہونے کے جذبہ کا مظہر ہے، آئین پاکستان تمام برادریوں کیلئے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ بات مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سال ایسٹر ایسے موقع پر منایا جا رہا ہے جب پاکستان میں بین العقیدہ ہم آہنگی کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے، انتشار کو ہوا دینے والی قوتیں پاکستانی معاشرے کو بری طرح نقصان پہنچانے کیلئے اس کے پورے ڈھانچے میں بگاڑ پیدا کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وثوق سے کہا کہ پاکستانی قوم ایسے عناصر کے مذموم عزائم کو بخوبی سمجھتی ہے اور ان کے عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری طرح متحد ہے۔ انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ بابائے قوم نے پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں کیلئے ان کے مذہب اور نسل سے قطع نظر برابری، آزادی اور تحفظ کی پالیسی کا دو ٹوک اعلان کیا تھا۔ اس یقین دہانی کا پاکستان کے آئین میں اطمینان بخش طور پر احاطہ کیا گیا ہے جو پاکستان کی تمام برادریوں کیلئے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والے تمام باشندوں کو ان کے عقیدے سے قطع نظر یکساں حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے اور وہ پرخلوص انداز میں تمام اقلیتوں کی بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کا تہیہ کئے ہوئے ہیں، میں نے ہمیشہ پاکستان کی اقلیتی برادریوں بالخصوص پاکستانی مسیحوں کی قابلِ قدر خدمات کو سراہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا قومی کردار ادا کرتی رہیں گی۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسیحی بھائیوں کو ایسٹر کے پرمسرت تہوار پر پھر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔