ذوالفقار بھٹو نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی محلوں تک پہنچایا، بھٹو نے پاکستان کو مستحکم کیا ،بینظیر نے بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا، میرے نانا کا عدالتی قتل کیا گیا، ضیاء اور اسامہ پاکستان کا چہرہ نہیں

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا لندن میں ذوالفقار بھٹو کی 36ویں برسی کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 4 اپریل 2015 21:13

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی محلوں تک پہنچایا، پاکستان کی تقسیم کے بعد بھٹو نے پاکستان کو مستحکم کیا ، محترمہ شہید نے بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا، میرے نانا کا عدالتی قتل کیا گیا، ضیاء اور اسامہ پاکستان کا چہرہ نہیں۔

وہ ہفتہ کو لندن میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 36ویں برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن میرے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا سیاسی قتل کیا گیا، وہ تو اس دنیا سے چلے گئے لیکن ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے، بھٹو نے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کی امید دی اور سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر پاکستان کے گلی محلوں تک لائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پیپلز پارٹی کو قومی جماعت بنایا، پاکستان کی تقسیم کے بعد دوبارہ مستحکم کیا وہ 90ہزار جنگی قیدیوں کو چھڑوا کر لائے اور 1974میں بھٹو نے لاہور میں عالمی لیڈروں کو اکٹھا کیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ محترمہ شہید نے میرے نانا بھٹو کے مشن کو اگے بڑھایا لیکن بدقسمتی سے ان کی زندگی کو بھی جلد ختم کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کا دور پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا، ضیاء اور اسامہ پاکستان کا چہرہ نہیں ہیں، بھٹو نے مسلمانوں اور اقلیتوں کیلئے آواز اٹھائی۔(اح)