ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے واقعہ میں ڈی ایس پی بہاول خان کی شہادت پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہارمذمت خیبرپختونخوا دہشت گردی کاسب سے بڑاگڑھ بناہواہے ،رابطہ کمیٹی

ہفتہ 4 اپریل 2015 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے خیبرپختونخوا کے شہرڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بہاول خان کے جاں بحق ہونے کی شدیدمذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنماخیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری کے بلندوبانگ دعوے کرتے ہیں لیکن اصل صورتحال یہ ہے کہ اس وقت پورے ملک میں امن وامان کی سب سے خراب صورتحال خیبرپختونخوا میں خراب ہے جو دہشت گردی کاسب سے بڑاگڑھ بناہواہے کوئی دن ایسانہیں جاتاکہ دہشت گردوں کی جانب سے فوج، ایف سی اور پولیس پر حملے نہ کئے جاتے ہوں، پانچ روزقبل خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاورمیں مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے پاک فوج کے ایک کرنل طاہرعظیم کوفائرنگ کرکے شہید کردیا تھا اورآج ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹربہاول خان کوفائرنگ کرکے شہیدکردیاگیا لیکن پی ٹی آئی کے رہنماوٴں نے اس پر مذمت کے دولفظ تک نہ کہے بلکہ ان واقعات کودبادیاگیا۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ خیبرپختونخوامیں طالبان دہشت گردوں کی دہشت گردیوں میں یہ روزبروزاضافہ ہورہاہے کیونکہ تحریک انصاف خودطالبان دہشت گردوں کے لئے نرم گوشہ رکھتی ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جب خیبرپختونخوا میں طالبان کی حامی حکومت ہوگی تو صوبہ میں دہشت گردی کاخاتمہ کیسے ممکن ہوسکتاہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہیدہونے والے پاک فوج کے کرنل طاہرعظیم شہیداورڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بہاول خان شہیدکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااورمطالبہ کیاکہ ان واقعات میں ملوث طالبان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔