سعودی بادشاہت نہیں مکہ مدینہ کا دفاع عالم اسلام کا فرض ہے، فوجی عدالتیں دہشتگردی کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی

سنی اتحادکونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامدرضاکی علماء و مشائخ سے گفتگو

ہفتہ 4 اپریل 2015 20:23

فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء ) سنی اتحادکونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامدرضانے کہاہے کہ سعودی بادشاہت کا نہیں مکہ اور مدینہ کا دفاع عالم اسلام کا فرض ہے۔فوجی عدالتیں دہشتگردی کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی ۔ وہ ہفتہ کو یہاں جامعہ انوار رضویہ میں علماء و مشائخ سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے خلاف صلیبی و یہودی سازشیں تیز ہو چکی ہیں۔

یمن کی خانہ جنگی سے القاعدہ اور داعش فائدہ اٹھا سکتی ہیں اس لئے مسلم حکمران یمن میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔یمن بحران امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے شدید خطرہ بن چکاہے۔پٹرول کی قیمتوں میں تازہ اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ہے۔ افغانستان کی جنگ کا حصہ بننے والی غلطی دوبارہ نہ دہرائی جائے۔

(جاری ہے)

سعودیہ عرب اور یمن کے تنازعات میں فوج کو ملوث کرنے سے ملکی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو ں گے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ غریبوں کیلئے ریاست کب ماں کا کردار ادا کرے گی ۔پنجاب کا ترقیاتی فنڈ لاہور پر خرچ کیا جارہا ہے۔اقتدار میں آنیوالی ہر جماعت نے کرپشن کوفروغ دیا ۔امریکہ تقسیم کرو اور قبضہ کروکی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔یمن میں فوج بھیجی گئی تو حکومت کو شدید عوامی ردّ عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔یمن میں شیعہ سنی نہیں شیعہ سلفی جنگ ہورہی ہے۔ملک دشمن قوتیں یمن بحران کی آڑ میں پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو بڑھانے کیلئے سر گرم ہو چکی ہیں۔