مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پوری قوم اور پارلیمنٹ کا اعتماد میں لیا جائے گا ، حرمین شرفین کا دفاع ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی امور عرفان صدیقی کی صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو

ہفتہ 4 اپریل 2015 20:19

چکوال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء ) مشیر وزیراعظم برائے قومی امور عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے نتیجہ میں پورے قوم اور پارلیمنٹ کا اعتماد میں لیا جائے گا کیونکہ حرمین شرفین کا تقدس اور اس کا دفاع ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے ، امت مسلمہ کے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ وہ ہفتہ کو چکوال پریس کلب میں صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم کا ترکی کا دورہ کامیاب رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سعودی عرب اور یمن کے تنازعہ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال پر مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ عرفان صدیقی نے مزید بتایا کہ وزیراعظم مشرق وسطہ کے دیگر ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے اور تمام امت مسلمہ کی مشاورت سے ایک اجتماعی ایجنڈا تیار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے بتایا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور افواج پاکستان نے پوری قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا کر دیا ہے اور یہ فوجی آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے سیاسی محاذ آرائی میں کمی ہوگی اور انتخابات کے حوالے سے اصل صورتحال واضح ہوکر سامنے آجائے گی۔

متعلقہ عنوان :