ذوالفقار بھٹو نے پوری دنیا سے تعلقات قائم اورتمام مسلم ممالک کو متحد کیا، بھٹو کے اشارے پر اسرائیل عرب ممالک سے پیچھے ہٹا،مسلم امہ میں لگی آگ بجھانے کیلئے ایک اور بھٹو کی ضرورت ہے، بینظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو حالات مختلف ہوتے

پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر اعتزاز احسن کا ذوالفقار بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 4 اپریل 2015 20:17

نوڈیرو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تمام دنیا سے تعلقات قائم کئے ،تمام مسلم ممالک کو متحد کیا، بھٹو کے اشارے پر اسرائیل عرب ممالک سے پیچھے ہٹا، مسلم امہ میں لگی آگ کو بجھانے کیلئے ملک کو ایک اور بھٹو کی ضرورت ہے، بھٹو نے جمہوریت کیلئے جان کی قربانیاں دیں، بی بی زندہ ہوتی تو حالات مختلف ہوتے۔

وہ ہفتہ کو نوڈیرو ہاؤس میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بہت سارے قافلے جو آنے والے تھے لیکن موسم کی خرابی اور بارش کے باعث شریک چیئرمین کی ہدایت پر روک دیا گیا لیکن کچھ لوگ یہاں پر پہنچ گئے ہیں جو نہیں پہنچ سکے ان کی ترجمانی کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب اسرائیل نے تمام متحدہ عرب کو پسپا کر دیا تھا اس وقت شہید ذوالفقار علی بھٹو وزیراعظم تھے تو انہوں نے ذرا سی آنکھ دیکھائی تو چند منٹوں میں اسرائیل پیچھے ہٹ گیا تھا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کی خاطر گراں قدر خدمات دیں اور جمہوریت کی خاطر بے شمار قربانیاں دیں، اس نے مسلم ممالک کو متحد کیا، آج بھی کاش شہید ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو مسلم امہ میں جو آگ لگی ہے اسے بجھانے کیلئے وہ اکیلے کافی تھے اس وقت ملک کو ذوالفقار علی بھٹو کی سخت ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شریک چیئرمین جب صدر تھے تو انہوں نے بھی پاکستان کیلئے بہت جدوجہد کی تمام ممالک سے تعلقات بڑھائے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ یمن میں آگ لگی ہوئی ہے لیکن ہمارے اپنے گھر میں بھی آگ لگی ہوئی ہے۔(اح)