جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شعبہ فہم دین کے زیر اہتمام دو روزہ فہم دین کنونشن کاآ غازالمرکز اسلامی پشاور میں ہو گیا

ہفتہ 4 اپریل 2015 20:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شعبہ فہم دین کے زیر اہتمام دو روزہ فہم دین کنونشن کاآ غازالمرکز اسلامی پشاور میں ہو گیا ہے۔ فہم دین کنونشن میں صوبہ بھر سے کثیر تعداد میں تحریکی علماء کرام شریک ہیں۔ کنونشن سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے شعبہ فہم دین جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صدر مولانا محمدا سماعیل نے کہا کہ دنیا میں نئے نئے فتنے رونما ہو رہے ہیں علماء کرام کو خود بھی اور لوگوں کو بھی ان فتنوں سے بچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

علماء کرام کا مقام بڑا نازک ہے۔ علماء کرام کو ایسی محفلوں میں بیٹھنے گریز کرنا چاہیے جہاں ان پر تہمت لگنے کا اندیشہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ علماء کرام کو اعتدال کی راہ اپنائیں جس سے شریعت پر عمل بھی ہو اور معاشرے میں بگاڑ بھی نہ ہو، کیونکہ سختی کرنے سے لوگ بدظن ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

علماء کرام کو چاہیے کہ وہ لوگوں کو نرمی سے سمجھائیں ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر قومی اسمبلی و رہنماء جماعت اسلامی مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ علماء پر جو ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں وہ دوسرے طبقے کے لوگوں پر عائد نہیں ہوتیں کیونکہ انبیاء کرام کے بعد علماء ہی کا مقام ہے اور جس کا مرتبہ و مقام جتنا بلند ہوتا ہے اتنی ہی اس کی ذمہ داریاں بھی بڑی ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مغربی طاقتوں نے علماء ، مدارس اوردینی جماعتوں کے خلاف محاذ کھول رکھے ہیں ۔ قرآن کے ذریعے ہی ہم اُمت مسلمہ کو یکجا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری جدوجہد جاری رہی اور ہم آگے بڑھتے رہے توایک دن ضرور پاکستان میں اسلامی نظام قائم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :