ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کیلئے یہ مناسب موقع ہے، اوباما انتظامیہ بھی تیار نظر آتی ہے، اسٹیفن ڈاؤن

پاکستان آنے کا مقصد عافیہ کوپاکستان لانے کیلئے جدوجہد کو سفارتی ، سیاسی اور قانونی سطح پر صحیح رخ پر آگے بڑھانا ہے،ایگزیکٹو ڈائریکٹر این سی پی سی ایف

ہفتہ 4 اپریل 2015 18:51

ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کیلئے یہ مناسب موقع ہے، اوباما انتظامیہ بھی تیار ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے لئے یہ مناسب موقع ہے ،اوبامہ انتظامیہ بھی اس کے لئے تیار نظر آتی ہے ۔ اوبامہ کی صدارت کے 2سال باقی ہے اب وہ دنیا بھر میں دورے کررہے ہیں اور ابتدائی طور پر جنگی بنیادوں پر بنائے جانے والے سیاسی قیدیوں کا تبادلہ کررہے ہیں چونکہ عافیہ ایک سیاسی قیدی ہے ۔ لہٰذا ابامہ انتظامیہ سے بات چیت کے ذریعے عافیہ کو واپس لانا عین ممکن ہے ۔

ہمارے پاکستان آنے کا مقصد بھی اپنی بہن عافیہ کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لئے اس جدوجہد کو سفارتی ، سیاسی اور قانونی سطح پر صحیح رخ پر آگے بڑھانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے سلسلے میں امریکہ سے آئے ہوئے وکلاء کے وفد میں شامل مشہور سول رائٹس ایکٹویٹس اور NCPCFکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیفن ڈاؤن نے کراچی آمد کے موقع پر عافیہ موومنٹ کے استقبالیہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6ماہ قبل امریکی سفیر نے بھی عافیہ کے تبادلہ اور پاکستان واپسی کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن پاکستانی حکومت کی طرف سے اُن کی تجاویز پر کوئی مناسب ردعمل سامنے نہیں آیا ۔ اوبامہ اس وقت دنیا بھر میں امن کے لئے دورے کررہے ہیں اور دیگر ممالک کے ساتھ سیاسی و جنگی قیدیوں کے تبادلے کررہے ہیں آخر کیا وجہ ہے کہ عافیہ کو واپس نہ لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ حکومت پاکستان میں ایسے عناصر کو تلاش کیا جائے جو امریکی حکومت کے ساتھ صحیح رخ میں عافیہ کی واپسی کے لئے گفتگو شروع کریں ۔ وفد میں شامل مشہور سول رائٹس ایکٹویٹس کیتھی مین لے نے عافیہ کے کیس کی موجودہ صورتحال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان امریکی حکومت سے باقاعدہ طور پر سرکاری سطح پر عافیہ کی واپسی کا مطالبہ کرے ساتھ ہی ساتھ ہم بھی امریکہ میں عافیہ کی واپسی کے لئے قانونی و سفارتی سطح پر جدوجہد کریں گے اور امید ہے اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔

کیتھی مینلے نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ ٹیکساس جیل میں بہت مشکل صورتحال سے دوچار ہے ۔ ہم کوشش کررہے ہیں کہ عافیہ کے علیحدہ طبی معائنہ کی سہولت حاصل کی جائے ۔ لیکن اس میں بے حد مشکلات کا سامنا ہے حتیٰ کے ہمارا عافیہ سے رابطہ بھی ممکن نہیں ہے ۔ اس موقع پرعافیہ موومنٹ پاکستان کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ہم اس وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔

ان سے تفصیلی گفتگو کے بعد ہم جان سکیں گے کہ یہ کس لائحہ عمل کے تحت عافیہ کی واپسی کی جدوجہد کو آگے بڑھا نا چاہتے ہیں اور خاص طور پر عافیہ سے رابطہ کے لئے یہ کیا کام سر انجام دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مقامی وکلاء اور دیگر اہم افراد سے بھی ان کی ملاقاتیں متوقع ہیں لیکن حتمی طور پر ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں ہے کیونکہ حکومتی سطح پر تعاون کے بغیر کسی مثبت نتائج کی توقع نہیں کی جاسکتی اگر حکومت ہی ڈاکٹر عافیہ کو واپس لانے میں مخلص نہیں ہوگی تو اس کام کو کیسے انجام دیا جاسکتا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ باہم تبادلہ خیالات کے بعد وفد سے معاملات اور بھی واضح ہوں گے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ اتوار سہہ3بجے وہ کراچی پریس کلب میں امریکی وکلاء کے ساتھ ایک اہم پریس کانفرنس سے بھی خطاب کرینگی۔

متعلقہ عنوان :