کراچی سے خیبر پختونخوا تک افغان ٹرانزٹ کارگو ریلوے کے حوالے کرنے کی تجویز پر غور شروع

ہفتہ 4 اپریل 2015 16:53

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) کراچی سے خیبر پختونخوا تک افغان ٹرانزٹ کارگو ریلوے کے حوالے کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے ۔ افغان ٹرانزٹ کے ستائیس ہزار سے زائد کنٹینرز کے غائب ہونے اور حکومت کو ستر ارب رو پے سے زائد کے نقصانات کے باعث افغان ٹرانزٹ کارگو اب ریلوے کے حوالے کیا جا رہا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ افغان ٹرانزٹ کے ڈائریکٹوریٹ ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وزارت تجارت نے یہ تجویز پیش کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ پاکستان ریلوے کو ہو سکے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی سے پشاور تک ٹرین کے ذریعے افغان ٹرانزٹ کا سامان پہنچایا جائے گا ۔ پشاور سے لنڈی کوتل تک تباہ ہونے والی پٹری کی بحالی کے بعد اسے لنڈی کوتل تک پہنچایا جائے گا ۔ پشاور تک سامان کی منتقلی کے بعد پشاور کینٹ سٹیشن سے ٹرکوں کے ذریعے سامان کو افغانستان منتقل کردیا جائے گا ۔ جس سے ریلوے پشاور ڈویژن کو منافع کے علاوہ پشاور میں ٹرانسپورٹروں کو بھی اس سے فائدہ ہو گا ۔ تاہم افغان ٹرانزٹ کے کاروبار سے وابستہ پرائیویٹ افراد نے اس تجویز کو مسترد کیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ اس سے بیروز گاری میں اضافہ ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :