مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی کے بعد ماضی کی تمام تاریکیوں کا خاتمہ کرے گی،علی اکبر گجر

ہفتہ 4 اپریل 2015 16:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی کے بعد ماضی کی تمام تاریکیوں کا خاتمہ کرے گی․ شہر قائد کو دنیا کا خوبصورت ترین شہر بنانے کے لئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے نامزد بلدیاتی امیدواروں کی کامیابی ہی سندھ کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ثابت ہوگی․ صوبائی حکومت ناجائز تجاوزات کے خلاف اپنے سنجیدہ اقدامات کو سیاست کی بھینٹ چڑھنے سے بچائے․ سیلابی نالوں کے اندر قائم جرائم کے اڈوں کی وجہ سے شہر کا امن بدستور خطرے میں ہے․کراچی میں لاقانونیت اور بد امنی کی بڑی وجہ شہر میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار ہے․ برساتی نالوں میں جرائم پیشہ افراد کی پختہ پناہگاہیں ختم کئے بغیر صوبائی وزیر بلدیات کی کوششیں بے سود ثابت ہونگی․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے شہر قائد سے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کی مہم کو اہل کراچی کے لئے خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے رہنے والوں کو بے ہنگم ٹریفک اور گھنٹوں ٹریفک جام سے بچانے کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات ناکافی ہیں․ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کے سیلابی نالوں کی اصلی ہےئت بحال کئے بغیر شہر کی روشنیاں واپس نہیں آ سکتیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کے نام پر مزید تجاوزات کو فروغ دیا جا رہا ہے․ شہر کے سیلابی نالوں پر مشکوک افراد کے قبضوں کی وجہ سے کراچی کے پر امن شہری کسی حصے میں بھی محفوظ نہیں جس کی وجہ سیلابی نالوں پر ٹریفک کے اژدھام ہے جو چوروں ڈاکوؤں اور لٹیروں کے لئے آسان ترین ہدف بن چکے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں کی جانب سے شہر کے سیلابی نالوں کے اندر قائم تجاوزات پر جرائم کے اڈوں کی نشاندہی پر کہا کہ حکومت سندھ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدمات کر رہی ہے لیکن جب تک کراچی کے سیلابی پانی کی نکاسی کے نالے مکمل طور پر اپنی اصل حیثیت میں بحال نہیں ہوتے صوبائی وزیر بلدیات کی تمام تر مثبت کوششیں بے سود رہیں گی اور شہر قائد بدستور ا من و امان سے متعلق خطرات سے دوچار رہے گا․ علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کے لئے سیاسی اقدامات کی بجائے شہریوں کے مفادات پر توجہ دے کر ہی کراچی کی روشنیاں بحال کی جا سکیں گی․ کراچی سمیت سندھ بھر میں گذشتہ دس سالوں میں سب سے زیادہ فروغ پانے والی تجاوزات کا خاتمہ صوبے کے امن کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اقتصادی و معاشی ترقی کے لئے بھی ناگزیر ہوچکا ہے․ صوبائی حکومت کو صوبے بھر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے یکسوئی اور بے لاگ اقدامات اٹھانے ہونگے تاکہ دنیا کو کشمور سے کراچی تک ایک نیا اور ترقی یافتہ صوبہ نظر آئے․

متعلقہ عنوان :