سابق صدر آصف زرداری کی ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

ہمیں انسانی برابری، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،شریک چیئرمین پیپلزپارٹی

ہفتہ 4 اپریل 2015 15:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں انسانی برابری، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری ایک امن پسند اور قانون پر عمل کرنے والی برادری ہے جو پاکستان کے وفادار ہیں اور جنہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی چند قوانین کے متعلق مسیحی برادری کے تحفظات سے آگاہ ہے جن کے غلط استعمال سے مسیحی برادری متاثر ہوتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے توہین مذہب کے قانون کواقلیتی برادری کے خلاف غلط طور پر استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سکالرز اور دانش وروں کو اس بات پر سوچ و بچار کرنی چاہیے کہ اس قانون کے غلط استعمال کو کس طرح روکا جا سکتا ہے تاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا عزم ہے کہ ملک کی اقلیت کے لئے برابری، آزادی اور تحفظ کی اعلیٰ اقدار مہیا کرے گی اور پارٹی مذہب کی بنیاد پر تشدد جو کہ دہشتگردی کی علامت ہے، کے خلاف جدوجہد کرتی رہے گی۔ پیپلز پارٹی تمام اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :