اقتصادی راہداری منصوبہ میں ایک انچ بھی تبدیلی نہیں کریں گے، احسن اقبال

ہفتہ 4 اپریل 2015 14:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ میں ایک انچ بھی تبدیلی نہیں کریں گے، منصوبے کے خلاف پراپیگنڈا کرنے والی لابیاں ناکام ہوں گی ،کراچی پاکستانی معیشت کا دل ہے ،کراچی میں قیام امن کیلئے تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا ہے ،توانائی بحران کے جن کو بوتل میں بند کر کے ہی جائیں گے ،تمام جماعتیں ملکی ترقی پر توجہ دیں2018 ء میں عوام فیصلہ کرے گی کہ کس نے ملک کی خدمت کی ہے ،عام انتخابات سے قبل پارٹی کا نہیں بلکہ ملک کا جھنڈا بلند کریں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے تمام اقدامات مثبت سمت میں جارہے ہیں،عالمی ادارے پاکستان کے معاشی بحالی کا اعتراف کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے،انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کی تقدیر بدل دے گااس منصوبے میں ایک انچ بھی تبدیلی نہیں کریں گے، منصوبے کے خلاف پراپیگنڈا کرنے والی لابیاں ناکام ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا دل ہے،حکومت نے کراچی میں قیام امن کیلئے تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا ہے،کراچی اور بلوچستان کی صورت حال 2013 ء سے بہت بہتر ہے،کراچی میں قیام امن کے لئے غیر جانبدارانہ اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 2018 میں ہی ہوں گے ،تمام جماعتیں ملک کی ترقی پر توجہ دیں، عوام 2018 میں فیصلہ کریں گے کہ کس نے ملک کی خدمت کی ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یمن کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں،پاکستان کسی غیر آئینی حکومت کو ختم کرنے مخالفت کرتا ہے، مشرق وسطی میں قیام امن کیلئے پاکستان اور ترکی کی سوچ ایک ہے ،امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے پاکستان اور ترکی ملکر کردار ادا کریں گے ، ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ،چین کی مدد سے پاکستان میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جو جلد مکمل کئے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ تھرکول کے وسائل کو 67 سال سے استعمال نہیں کیا گیا ہے ،ہم تھرکول کے وسائل کو استعمال کر کے ملکی معیشت کو مضبوط بنائیں گے ،تھرکول میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے جس کی جلد از جلد تکمیل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی کی قیمتوں سے جڑی ہوئی ہیں،متعدد سیاسی جماعتوں کے کھوکھلے نعروں سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا ہے اور بے یقینی کی فضاء پیدا کرنے والے ہمیشہ ملک کا نقصان کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :