انجمن فیض الاسلام کے تعلیمی اداروں کے سالانہ نتائج اور یوم والدین کی تقریبات

ہفتہ 4 اپریل 2015 13:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء)انجمن فیض الاسلام کے تعلیمی اداروں فیض الاسلام ماڈل سیکنڈری سکول فیض آباد ، فیض الاسلام بوائز سیکنڈری سکول مندرہ اور فیض الاسلام گرلز سیکنڈری سکول مندرہ میں حسب سابق اس دفعہ بھی سادہ مگر پروقار تقریبات میں طلبہ کے سالانہ نتائج کا اعلان کیا گیا․ان تقریبات میں انجمن کے تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے ڈے سکالرز کے والدین نے بھی بھر پور شرکت کی اور نتائج کے اعلانات سے قبل سٹیج پر مختلف کلاسوں کے طلبہ کی جانب سے پیش کئے گئے رنگارنگ پروگرام دیکھ کر انہیں بے حد سراہا ․ تینوں سکولوں کی تقریبات میں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں ، اساتذہ اور پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا قدر مشترک تھی جنہیں دیکھ کر سامعین کے لبوں سے بے اختیار اپنے شہدا کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کے استحکام وسلامتی کی دعائیں نکلیں ․ انجمن فیض الاسلام کے صدر محمد صدیق اکبر میاں نے فیض آباد سکول کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کی مختلف اکائیوں میں بسنے والے لوگ مختلف زبانیں بولنے اور بود وباش کے فرق کے باوجود اخوت و بھائی چارے اور باہمی احترام کے رشتے میں پروئے ہوئے ہیں جس کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے ․ اسی کلمہ طیبہ کی تعلیمات کو ہم اپنی عملی زندگی پر نافذ کرکے دہشت گردی ، لاقانونیت ، غربت و افلاس اور دیگر معاشرتی مسائل سے چھٹکارا پا سکتے ہیں ․ مارچ کی 23 تاریخ نہ صرف قرار داد پاکستان کی منظور ی کے حوالے سے بطور یوم پاکستان اہم ہے بلکہ اس کی ایک اور بھی اہمیت ہے جو پہلی اہمیت سے کسی طرح کم نہیں بلکہ اس سے زیادہ ہے اور وہ اہمیت 23 مارچ ، 1956 ء کو پاکستان کا اسلامی جمہوریہ پاکستان بننا اور ملک کو پہلا آئین ملنے کے حوالے سے ہے ․ اساتذہ، والدین اور معاشرے کے باشعور طبقات کو چائییے کہ وہ طلبہ کو ان تاریخوں کے ساتھ ساتھ تحریک و قیام پاکستان کے پس منظر اور جدوجہد سے پوری طرح آگاہ کریں ․ اس موقع پر انجمن کے سنئیر نائب صدر ڈاکٹر ریاض احمد ،چئیرپرسن تعلیمی کمیٹی مسز تسلیم منصور اقبال ، نائب چئیرپرسن تعلیمی کمیٹی اظہار فاطمہ ، پروفیسر نیاز عرفان ،سیکریٹری نشر و اشاعت بدر منیر ، سکول کے ہیڈ ماسٹر غلام جیلانی ، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ․ ڈاکٹر ریاض احمد، مسز تسلیم منصور اقبال اور اظہار فاطمہ نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور کہا کہ سالانہ امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو محنت کا دامن تھامے رکھنا چائییے جبکہ ناکام ہونے والوں کو یاد رکھنا چائییے کہ ہر ناکامی کامیابی کا زینہ بنتی ہے لہذا انہیں پوری توجہ اور محنت کے ساتھ اپنی تعلیمی کمزوریوں پر قابو پانے کی سہی کرکے آگے بڑھنا چائییے ․ فیض الاسلام بوائز سیکنڈری سکول مندرہ کی تقریب کے مہمان خصوصی قومی ترانہ فاؤنڈیشن کے چئیر مین پروفیسر ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی تھے جبکہ اس موقع پر صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں کے علاوہ ، تعلیمی کمیٹی کی چئیرپرسن مسز تسلیم منصور اقبال ، نائب چئیرپرسن تعلیمی کمیٹی اظہار فاطمہ ، پروفیسر نیاز عرفان ، سکول کے ہیڈ ماسٹر فاروق قریشی اور اساتذہ ، والدین و طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ․ مہمان خصوصی پروفیسر عزیز احمد ہاشمی اور صدر تقریب محمد صدیق اکبر میاں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی شخصیت و کردار سازی پر بھی پوری توجہ دیں ․ انہوں نے کہا کہ انجمن فیض الاسلام میں پرورش پانے والوں میں کے پی کے ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت بلوچستان کے بچے بھی شامل ہیں جن پر یکساں توجہ دی جاتی ہے اور ان کی تعلیم و تربیت ایسے خطوط پر کی جا رہی ہے کہ وہ بڑے ہو کر عملی زندگی میں ملک کی ساری اکائیوں کو جوڑنے کا ذریعہ بن سکیں ․ فیض الاسلام گرلز سیکنڈری سکول کی تقریب میں سکول کی ہیڈ مسٹریس مسرت شفیق نے سکول کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ یہ سکول اپنا گھر کے بچوں کے علاوہ مندرہ کے گرد و نواح کے رہائشی بچوں کو بھی تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کر رہا ہے ․ ان تقریبات میں طلبہ نے رنگا رنگ پروگرام ، جن میں ملی نغمے ، تقاریراور مزاحیہ خاکے شامل تھے پیش کئے ․ تینوں تقریبات میں گذشتہ سال 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور میں پیش آنے والے سانحے پر انتہائی پر اثر ٹیبلوز پیش کئے گئے جن میں شہید بچوں، ان کے اساتذہ اور پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ․ تینوں سکولوں کے سالانہ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دئیے گئے -