آئی او سی کے اعلیٰ حکام کے معاوضوں کی تفصیلات پہلی بار جاری

ہفتہ 4 اپریل 2015 13:15

آئی او سی کے اعلیٰ حکام کے معاوضوں کی تفصیلات پہلی بار جاری

ریوڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء)انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پہلی بار اپنے ایک سو پندرہ اعلیٰ حکام کے معاوضوں کی تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق آئی او سی کے سربراہ کو سالانہ دو لاکھ تینتالیس ہزار آٹھ سو ڈالر معاوضہ دیا جاتا ہے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پہلی مرتبہ اعلیٰ حکام کو ادائیگیوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

آئی اوسی کے صدر تھامس باخ کو دو لاکھ تینتالیس ہزار آٹھ سو ڈالرز سالانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ آئی او سی کے اس اقدام سے فٹبال گورننگ باڈی فیفا اور دیگر آرگنائزیشنز پر بھی دباوٴ پڑے گا۔ آئی او سی ایتھکس کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ مکمل شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ایک سو پندرہ ارکان کی مجوزہ ادائیگیوں کی تفصیلات لوگوں کے سامنے لارہی ہے۔

(جاری ہے)

آئی او سی کے چار نائب صدور سمیت چودہ ایگزیکٹو بورڈ ممبرز آفیشل میٹنگز اور سفری اخراجات کی مد میں نو سو ڈالر یومیہ حاصل کریں گے۔ دیگر ارکان کو میٹنگ اور سفری الاوٴنسز کے لیے چار سو پچاس ڈالر یومیہ ادائیگی ہوگی۔ مجموعی طور پر تمام ارکان کو سالانہ سات ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔ ان کے سفری اور رہائشی اخراجات پہلے ہی آئی او سی ادا کرتی ہے۔ایتھکس کمیشن کا کہنا ہے کہ صدر کو نہ تو فکسڈ سالانہ تنخواہ اور نہ ہی یومیہ الاوٴنس دیا جائے گا۔ اس کے بجائے فرائض کی ادائیگی اور ذاتی اخراجات کے لیے طے شدہ سالانہ رقم معاوضے کے طور پر دی جائے گی۔ آئی او سی کا کہنا ہے کہ معاوضوں کے اعلان سے آئی او سی کے لیے بچت اور شفافیت کی ابتدا ہوگی۔