ورلڈ کپ کارکردگی کا جائزہ لینے کا مقصد سزا دینا نہیں ،شہریار خان

ہفتہ 4 اپریل 2015 13:05

ورلڈ کپ کارکردگی کا جائزہ لینے کا مقصد سزا دینا نہیں ،شہریار خان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ ورلڈ کپ کی کارکردگی کا جائزہ لینے والے گروپ کا مقصد تحقیقات یا سزا دینا نہیں بلکہ کرکٹ کی بہتری کیلئے آئندہ کی مربوط حکمت عملی تیار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ریویو گروپ کے پہلے اجلاس میں ان سمیت پانچوں ممبران نے شرکت کی اور ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا ابتدائی جائزہ لیا۔

گروپ کا آئندہ اجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ ریویو گروپ ورلڈ کپ کی کارکردگی کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سزادے گا اس کا کام صرف آئندہ کیلئے بہترین منصوبہ بندی کرنا ہے۔شہریار خان نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش کے آمدنی کے معاملات کی وجہ سے اعلان نہیں ہوا۔امید ہے یہ معاملات بھی جلد حل ہوکر قومی ٹیم بنگلہ دیش سیریز کھیلنے جائے گی۔