پاکستان کیساتھ مذاکرات کا آئندہ دور جلد نئی دہلی میں ہو گا‘ سشما سوراج

ہفتہ 4 اپریل 2015 12:51

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کشمیر سمیت تمام مسائل پر پاکستان کیساتھ بات چیت کیلئے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات کا آئندہ دور عنقریب نئی دہلی میں منعقد ہو گا جب کہ اس حوالے سے تاریخوں کے تعین کے لئے غور و خوض جاری ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ کشمیر میں ناگہانی آفات کے شکار لوگوں کے لئے مرکز ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو نقصان کے ازالے کے لئے بھرپور معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری سیلاب متاثرین مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہیں اور اس سلسلے میں کسی دوسرے ملک کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات ہر سطح پر جاری رہیں گے اور ہماری حکومت پڑوسی ملک کے ساتھ دوستی کے فروغ کی خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا موقف ہے کہ سارے ممالک غربت کے خلاف لڑائی لڑیں اور تعمیر و ترقی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ مذاکرات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات کا پہلا دور اسلام آباد میں منعقد ہو چکا جبکہ دوسرا دور جلد نئی دہلی میں منعقد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات سے نہیں گھبراتے اور نہ ہی مذاکرات سے راہ فرار چاہتے ہیں۔ لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ پڑوسی ملک بھی بھارت کے تحفظات کو سنجیدہ کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کی میز پر لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی آو ازین پہنچ گئی تو یقیناً کوئی بھی مسئلہ حل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایل او سی پر خاموشی کو یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :