ایم کیو ایم اشتعال انگیزی سے الیکشن رکوانے کی سازش کر رہی ہے :عمران خان

ہفتہ 4 اپریل 2015 11:09

ایم کیو ایم اشتعال انگیزی سے الیکشن رکوانے کی سازش کر رہی ہے :عمران ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل 2015ء) تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان اشتعال انگیزی کے ذریعے ضمنی الیکشن رکوانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، ایم کیو ایم صرف فاشسٹ طریقوں سے ہی جیت سکتی ہے ۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی غیر جمہوری سوچ بے نقاب ہوگئی ہے اور متحدہ نے ہمیں پہلے سے زیادہ پر عزم کر دیا ہے ۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کے فاشسٹ اقدامات اور تشدد کا معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے اٹھائیں گے ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم صرف فاشسٹ طریقوں سے ہی جیت سکتی ہے ۔ اس سے قبل عمران خان نے کراچی میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پی ٹی آئی کے کیمپ اکھاڑنے کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس پی ٹی آئی کارکنان کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ عمران خان نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اپنے ہی گورنر کے سامنے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کی ایم کیو ایم نے کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے ۔ تحریک انصاف کے کارکنان ایسی بھونڈی حرکتوں سے گھبرانے والے نہیں ۔