دہشت گردی کے پیش نظر قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد خوش آئند ہے،خالد حمید

فوجی عدالتوں کا حرکت میں آنادہشت گردوں کے تعبود میں آخری کیل ثابت ہوگا، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں

جمعہ 3 اپریل 2015 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کراچی کمیٹی کے ڈپٹی آرگنائزر خالد حمید نے کہاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظر قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد خوش آئند ہے ملک میں دیرپا اور مستقل قیام امن کیلئے انتہا پسندخودکش حملوں،قتل اور اغوابرائے تاوان میں ملوث عناصر کو بھی تختہ دار پر لٹکانا ہوگاتاکہ ملک سے بدامنی اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر ملیربارایسویشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ کشیدہ حالات میں فوجی عدالتوں کا حرکت میں آنا دہشت گردوں کے تعبود میں ناصرف آخری کیل ثابت ہوگا بلکہ اس حکومتی اقدام سے دہشت گردوں کی کمر بھی ٹوٹ جائیگی ،ملک میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے پوری قوم کو افواج پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا تاکہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں کامیابی یقینی بنائی جاسکے ۔

(جاری ہے)

خالد حمید نے کہاکہ کراچی میں ہونیوالے کئی بڑے واقعات و سانحات کے مقدمات بھی فوجی عدالتوں میں منتقل کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ان امیدوں اور تواقعات کیمطابق انصاف فراہم کیا جاسکے۔ خالد حمید نے مزید کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،کراچی کے حالات میں مزید بہتری کیلئے حکومت فیصلہ کن اور مثبت اقدام اٹھائے تاکہ ممکنہ دہشت گردی کے واقعات پر قابوپایا جاسکے ۔