پاکستان کو سعودی عرب میں فوج بھیجنے کے معاملہ میں عالمی حالات کو مد نظر رکھنا ہو گا، مولانا عطا الرحمن

حرمین شریفین کے تحفظ کے معاملے میں کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،فیصل آباد میں پریس کانفرنس

جمعہ 3 اپریل 2015 22:06

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عطا الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب میں فوج بھیجنے کے معاملہ میں عالمی حالات کو مد نظر رکھنا ہو گا۔ ہم خارجہ پالیسی پر ایک اور یو ٹرن کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ حرمین شریفین کے تحفظ کے معاملے میں کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

ایسی صورت میں تمام مسلمان ممالک مل کر سعودی عرب کا دفاع کریں گے۔ سعودی عرب نے ہر حالت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اس لیے پاکستان کو بھی مصیبت کی گھڑی میں سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہئے۔ وہ گزشتہ روز جامعہ عبیدیہ فیصل آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جے یو آئی کے ضلعی امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا، جنرل سیکرٹری محمد احمد مدنی، رانا پرویز اختر اور مقامی قائدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ ہمارا حرمین شریفین کے ساتھ روحانی تعلق ہے اور ہم اس کی حفاظت سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ تاہم ہمیں عراق و شام کی طرح وہاں آپس کی لڑائی میں نہیں الجھنا چاہئے۔ اگر ایرانی وفد پاکستان آتا ہے تو ان کے سامنے اپنا موقف رکھیں گے اور جنگ کے خطرے کو ہر صورت ٹالنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کنٹونمنٹ سمیت ہر جگہ پر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کی حامی ہے۔ بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن اپنی نگرانی میں کروائے۔ قبل ازیں مولانا عطاء الرحمن نے جامعہ عبیدیہ میں جاری روحانی اجتماع میں بھی شرکت کی اور وہاں خطبہ جمعہ بھی دیا۔