خیبرپختونخو اسمبلی اجلاس،خاتون رکن اسمبلی کو دھمکی آمیز خطوط اورفون کالز،تحفظ دینے کامطالبہ

آئے روز مجھے دھمکی آمیز خطوط اور فون کالز آ رہی ہیں کون مجھے تحفظ دے گا اورمیں کس سے تحفظ مانگوں،رکن اسمبلی خاتون بی بی

جمعہ 3 اپریل 2015 21:36

خیبرپختونخو اسمبلی اجلاس،خاتون رکن اسمبلی کو دھمکی آمیز خطوط اورفون ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں عوامی جمہوری اتحاد کی خاتون رکن اسمبلی اپنی ہی حکومت پربرس پڑی،خاتون بی بی نے سپیکر کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز مجھے دھمکی آمیز خطوط اور فون کالز آ رہی ہیں کون مجھے تحفظ دے گا اورمیں کس سے تحفظ مانگوں،،جمعہ کے روز صوبائی اسمبلی اجلاس کے دوران صوابی سے تعلق رکھنے والی عوامی جمہوری اتحاد کی خاتون بی بی نے کہا کہ ان کو بھتے کے خطوط مل رہے ہیں میرا پورا خاندان پریشانی کے عالم میں مبتلا ہے  حکومت سے درخواست کرتے ہوئے خاتون بی بی نے کہاکہ مجھے راستہ دکھایا جائے میں کیا کروں  کس طرح میں اپنے بچوں کے تحفظ کو یقینی بناؤں  قبل ازیں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا کہ پہلے بھتہ خوری کاروباری افراد تک محدود تھی لیکن اب اراکین اسمبلی کو صرف دھمکیاں ہی نہیں ان کے گھروں پر حملے بھی کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ صوابی کی حکومتی اتحاد سے تعلق رکھنے والی خاتون بی بی کے گھر پر گرنیڈ پھینکے گئے حکومت اس معاملے کی انکوائری کرے اور عوامی نمائندوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اس کے ساتھ عوامی اتحاد کے منتخب دوسرے رکن اسمبلی بابر سلیم بھی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے اور کہا کہ ان کو بھی آئے روز دھمکیاں مل رہی ہیں اور یہ صرف ان کی نہیں کئی اراکین اسمبلی کی یہی صورتحال ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ایس ایم ایس اور کالز کے ریکارڈ پولیس کے حوالے کئے لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی ۔ مجھے کل بھی خطرہ تھا اور آج بھی خطرہ ہے ۔ بابر سلیم نے خاتون بی بی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے یہ توقع نہ رکھیں کہ وہ ان کو کوئی تحفظ دے گی ہمیں خود اپنے تحفظ کو یقینی بنانا ہو گا باقی موت کا ایک دن معین ہے کوئی بھی اس کو نہیں ٹال سکتا ۔

جس کے جواب میں سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ نے کہاکہ خاتون بی بی کے گھر پر حملے اور ان کو دھمکیوں پر انتہائی افسوس ہے ایوان کا ہر رکن باعزت ہے اگر کسی ایک رکن کو خطرہ ہو تو یہ سب کا خطرہ تصور کیا جائے گا وہ ایک وزیر کی حیثیت سے آئی جی پولیس اور وزیراعلیٰ سے خود بات کروں گاہم خاتون بی بی کے ساتھ ہیں اس معاملے کی تحقیقات ہوں گی اور بہت جلد ان افراد کو گرفتار کر لیا جائے گا

متعلقہ عنوان :