176 سمندر پارپاکستانیوں کو اسلام آباد ائیر پورٹ پر مفت ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کیں ،او پی ایف

سہولیاتی کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کیا گیا، ہمیشہ سمندر پارپاکستانیوں کا ساتھ دیا ہے،سمندر پارپاکستانیوں کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمان خان

جمعہ 3 اپریل 2015 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (اوپی ایف) نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے یمن سے واپس آنے والے176 سمندر پارپاکستانیوں کو اسلام آباد ائیر پورٹ پر مفت ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کیں ۔تمام متعلقہ اداروں بشمول اوپی ایف ،وزارت خارجہ،پی آئی اے،ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں نے واپس آنے والے پاکستانیوں کے استقبال کے لئے شاندار اقدامات کئے۔

وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ آصف،ہوابازی کے لئے وزیر اعظم کے خصوصی مشیر شجاعت عظیم ، منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمان خان ،چیئرمین پی آئی اے اور متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے واپس آنے والے پاکستانیوں کا بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی اوپی ایف یمن سے پہلی پرواز کے ذریعے واپس آنے والے پاکستانیوں کا استقبال کرنے کے لئے خصوصی طور پر کراچی گئے تھے ۔

یمن سے واپس آنے والے پاکستانیوں کو اوپی ایف کی جانب سے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی اور ائیرپورٹ سے ان کی منزل مقصودپر پہنچانے کے لئے انہیں کرایہ بھی فراہم کیا۔واپس آنے والے پاکستانیوں کو اسلام آباد ائیر پورٹ سے لاہور ،فیصل آباد،پشاور،جھنگ،مانسہرہ،لیہ اور دیگر مقامات تک جانے کے لئے اوپی ایف نے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی۔

تمام متعلقہ اداروں بشمول اوپی ایف،پی آئی اے ،ایف آئی اے ،سول ایوی ایشن اتھارٹی ،کسٹمز اور دیگر اداروں نے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لئے بروقت اور مناسب اقداما ت کئے تاکہ واپس آنے والے پاکستانیوں کو باحفاظت ان کے گھر وں تک پہنچا یا جائے۔ ائیر پورٹ پہنچنے پر واپس آنے والے پاکستانیوں نے انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان بالخصوص وزیر اعظم محمد نواز شریف کا شکریہ اداکیا جن کی ہدایت کی روشنی میں تمام متعلقہ اداروں نے ان کی باحفاظت اور بروقت واپسی کو یقینی بنایا۔

یمن سے واپس آنے والے سمندر پارپاکستانیوں نے اوپی ایف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ اداکیا جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیا۔سمندر پارپاکستانیوں نے اوپی ایف کے افسران اور عملہ کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمان خان نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں اوپی ایف ایف نے یمن سے واپس آنے والے پاکستانیوں کے لئے خصوصی اقدامات کئے ۔

انہوں نے کہا کہ اوپی ایف کے سہولیاتی کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کیا گیاہے تاکہ یمن سے واپس آنے والے پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اوپی ایف نے ہمیشہ سمندر پارپاکستانیوں کا ساتھ دیا ہے اور انہیں کسی بھی مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا۔انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پارپاکستانیوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی سہولت کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :