اے این ایف کی کارروائیاں،40 کروڑ56لاکھ روپے مالیت کی منشیات اور 4گاڑیاں برآمد، 6ملزمان گرفتار

جمعہ 3 اپریل 2015 21:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) اے این ایف کی کارروائیاں، 40 کروڑ56لاکھ روپے مالیت کی ہیروئن،چرس اور کوکین برآمد کر کے 6ملزمان کو گرفتار کر لیا ،جب کہ 4گاڑیوں کوقبضے میں لے لیا گیا۔واقعات کے مطابق، اے این ایف راولپنڈی روڈ چیک ٹیم نے اٹک میں جی ٹی روڈ پر واقع اقبال شہید ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹیوٹا مارکس ایکس کار نمبر LED-989 کو تحویل میں لیا ۔

دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپا ئی گئی 50 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ گاڑی میں سوار2 ملزمان حیات الرحمٰن سکنہ باجوڑ ، حالیہ مقیم حیات آباد پشاور اور دعوہ جان سکنہ باجوڑ ایجنسی کو بھی کاروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ہیروئن جمرود کی جانب سے لائی جا رہی تھی اور کسی نا معلوم مقام پر منتقل کئے جانے کے بعد مبینہ طور پر برطانیہ اسمگل کی جانی تھی،اے این ایف راولپنڈی روڈ چیک ٹیم نے اٹک میں فتح جنگ کے قریب فتح جنگ روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے ایک سوزوکی مہران کار نمبر WB-860 کو قبضے میں لے کر گاڑی کے اندر چھپائی گئی 10 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ملزم ملک شیر افضل سکنہ میانوالی کو موقع پر حراست میں لے لیا گیا،اے این ایف راولپنڈی نے مخبر کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے اسلام آباد کے رہائشی سید محمود نامی کوکین فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 20 گرام کوکین برآمد کر لی۔ ملزم کو کھنہ پل اسلام آباد کے قریب ٹیکسی کار نمبر LHM-3864 پر سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا،اے این ایف راولپنڈی نے فیض آباد پیر ودھائی روڈ پر واقع ایک مقام پر چھاپہ مار کر سوزوکی مہران ٹیکسی کار نمبر FDQ-1625 سے 8.75 کلو گرام چرس برآمد کر کے ہری پور کے رہائشی محمد بلال نامی ٹیکسی ڈرائیور کو موقع پر حراست میں لے لیا۔

ابتدائی تفتیش کے بعد منشیات مہیا کرنے والے مرکزی ملزم ذرین گل سکنہ خیبر ایجنسی کو بھی قریبی علاقے سے حراست میں لے لیا گیا،تمام زیرحراست ملزمان کے خلاف مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کرلئے گئے۔

متعلقہ عنوان :