ملک میں جے یو آئی واحد سیاسی دینی قوت ہے جو اسلام کے خلاف ہونے والی عالمی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے، موجودہ حکومت نے عالمی ایجنڈے کے تحت ملک میں این جی اوز کلچر کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے

مرکزی نائب امیر جمعیت علماء اسلام (ف)مولانا فضل علی حقانی کا ضلعی ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعہ 3 اپریل 2015 19:18

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) مرکزی نائب امیر جمعیت علماء اسلام (ف) اور سابق صوبائی وزیر تعلیم مولانا فضل علی حقانی نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں جے یو آئی واحد سیاسی دینی قوت ہے جو اسلام کے خلاف ہونے والی عالمی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ یہاں ضلعی ورکرز کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عالمی ایجنڈے کے تحت ملک میں این جی اوز کلچر کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

جب کہ اس کے برعکس دین اسلام کے مضبوط قلعے اور امن کے گہوارے مدارس و مساجد کے خلاف گھیرا تنگ کر رہی ہیے۔ مدارس و مساجد دنیا بھر میں اپنی مدد آپ کے تحت لاکھوں بچوں کو قرآن و سنت کے تعلیمات سے روشناس کرانے میں عملی کر دار ادا کر رہی ہے۔ تا قیامت مساجد و مدارس رہیں گے مگر اس کے خلاف سازش کر نے والے اللہ پاک کے عضب سے نیست و نابود ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلدیاتی الیکشن سے پہلے حکومتی ارکان کا ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح و اعلانات کو الیکشن کا قبل ازیں دھاندلی کے مترادف قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس دھاندلی کے منصوبے کا نوٹس لے کر تدارک کیا جائے۔ اور بلدیاتی الیکشن عدلیہ کے نگرانی میں کروانے کے علاوہ اس پیچیدہ سسٹم کو آسان بنایا جائے۔ کیونکہ بلدیات کے اس نئے سسٹم سے عوام نا واقف ہے۔

جس کی وجہ سے بیک وقت سات ووٹ ڈالنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسی طرح بلدیاتی الیکشن کے نتائج کا اعلان دس روز کے بجائے اگلے روز کیا جائے کیونکہ دس روز بعد نتائج کا اعلان حکومت کا دھاندلی کا ایک ایک منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ضلع صوابی میں سہ فریقی اتحاد کے پلیٹ فارم سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی۔ کارکنان جمعیت اس الیکشن کے لئے بھر پور تیاریاں شروع کریں اس الیکشن میں نیا پاکستان بنانے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔

متعلقہ عنوان :