صوابی سمیت پورے صوبے میں بلدیاتی الیکشن کے اعلان کے بعد حکومتی ارکان ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح و اعلانات کر کے انتخابات پر اثر انداز ہو رہے ہیں ، بلدیاتی الیکشن کے انعقاد تک حکومتی ارکان پر اس قسم کی سر گرمیوں پر پابندی لگا ئی جائے

جے یو آئی (ف) خیبر پختونخوا کے نائب مولانا عطاء الحق درویش کا یو سی ترکئی کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 3 اپریل 2015 19:18

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) جمعیت علماء اسلام (ف) صوبہ خیبر پختونخوا کے نائب اور ضلع صوابی کے امیر مولانا عطاء الحق درویش نے چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپیل کر تے ہوئے کہا ہے کہ ضلع صوابی سمیت پورے صوبے میں بلدیاتی الیکشن کے اعلان اور شیڈول کے بعد حکومتی ارکان ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح و اعلانات کر کے اس انتخابات پر اثر انداز ہو رہے ہیں لہذا بلدیاتی الیکشن کے انعقاد تک حکومتی ارکان پر اس قسم کے سر گرمیوں پر پابندی لگا دی جائے۔

تاکہ صوبے میں پر امن ، صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکے۔ وہ جے یو آئی یو سی ترکئی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس سے ضلعی رہنماؤں الحاج غفور خان جدون ، مولانا محمد ہارون حنفی، شکیل خان اور دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر امیدواروں کی نامزدگی کر نے کے علاوہ مولانا جہانزیب ، مولانا ذاکر ، مولانا صابر شاہ، حضرت امین، حاجی علی محمد، محمد آمین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی مولانا عطاء الحق درویش نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سہ فریقی اتحاد صوبے کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں سبز باغ دکھا رہے ہیں مگر صوبے کے عوام بلدیاتی الیکشن میں حکومتی اتحاد کو یکسر مسترد کر دینگے۔

(جاری ہے)

کیونکہ عوام کے لئے اتحادی حکومت نے کچھ بھی نہیں کیا بلکہ ان کے مسائل و مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے عوام کا اعتماد جے یو آئی اور سہ فریقی اتحاد پر بڑھ رہا ہے اور بلدیاتی الیکشن کے اچھے نتائج سہ فریقی اتحاد کے حق میں سامنے آئیں گے۔