مقبوضہ کشمیر ، حالیہ شدید بارشوں کے باعث مختلف اضلا ع میں لینڈ سلائیڈنگ سے 52 گاؤں متاثر ، درجنوں مکانات تباہ ، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

جمعہ 3 اپریل 2015 19:01

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث مختلف اضلا ع میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 52 گاؤں متاثر ہوئے ہیں جہاں درجنوں مکانات تباہ ہوگے جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 52 گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔

سرکاری سطح پر جاری کئے گئے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ مضافاتی علاقوں میں 17 رہائشی مکان زمین بوس ہوئے۔ 46 رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ 400افراد کو دوسری جگہوں پر منتقل کیا گیا۔ پہاڑی ضلع شوپیاں میں 176 رہائشی مکان متاثر، 91 رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں ایک سکول،2 مساجد، 2 دکانیں زمین بوس۔

(جاری ہے)

کولگام ضلع میں 33 گاؤں زمین کھسکنے کے باعث متاثر 152 کنبوں کے 250 افراد دوسری جگہوں پر منتقل، درجنوں رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔

متعدد زمین بوس اننت ناگ ضلع میں 5 گاؤں متاثر 36 رہائشی مکانون کو شدید طور پر نقصان پہنچا۔ 176 کنبوں کے 800 سے زائد افراد محفوظ مقامات کی طرف منتقل۔ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ اضلاع کے مضافاتی علاقوں میں زمین کھسکنے کے باعث درجنوں رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو سرکاری بلڈنگوں میں رکھا گیا ہے جبکہ لوگوں میں مفت ٹینٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

نمائندے نے دن بھر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ اضلاع سے جو تفصیلات فراہم کیں ہیں ان کے مطابق موسلا دار بارشوں، برفباری کے بعد جنوبی کشمیر کے مضافاتی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث لوگوں کو دوسری جگہوں پر منتقل کرنے کے ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ چار مکانات گرنے کے نتیجے میں 16 سے زائد افرا د جاں بحق ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :