آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کالجز ونگ ضلع جھنگ کے انتخابات میں مہر محمد ربنواز صدر اور محمد افضل سیکرٹری منتخب

جمعہ 3 اپریل 2015 17:58

جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کالجز ونگ ضلع جھنگ کے انتخابات میں مہر محمد ربنواز صدر اور محمد افضل سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں ۔عہدیداران کے چناؤ کے ضمن میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کالجز ونگ ضلع جھنگ کا اہم اجلاس گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ میں منعقد ہوا جس میں ایپکا کے اہم عہدیداران کے علاوہ ضلع جھنگ کے تمام زنانہ و مردانہ کالجز کے سپرنٹنڈنٹس ، ہیڈکلرکس ، سینئر کلرکس ، جونیئر کلرکس اور دیگر اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مہر محمد ربنواز ہیڈکلرک ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز آفس جھنگ کو صدر ، چوہدری محمد صدیق ہیڈکلرک گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز اٹھارہ ہزاری جھنگ کو سینئر نائب صدر ، محمد افضل ہیڈکلرک گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ کو سیکرٹری جنرل ، راجہ محمد اکرم ہیڈکلرک گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر کو فنانس سیکرٹری ، مہر عظمت رضا سینئر کلرک گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین جھنگ سٹی کو سیکرٹری انفارمیشن اور چوہدری ریاض احمد گورایہ ہیڈکلرک ڈپٹی کلرک کالجز جھنگ کو کوآرڈینیٹر ایگزیکٹو کونسل منتخب کرلیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نو منتخب عہدیداران و ممبران نے اس عز م کااظہار کیاکہ ان پر جس اعتماد کااظہار کیاگیاہے وہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی ،صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی قائدین کی معاونت ، مشاورت ، رہنمائی سے اس پر پورا اترنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہڈائریکٹوریٹ آف کالجز فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے گزشتہ روز بیک جنبش قلم ضلع جھنگ کے تمام زنانہ ومردانہ کالجز کے 22سپرنٹنڈنٹس ، ہیڈکلرکس ، سینئر کلرکس ، جونیئر کلرکس کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور انہیں بلاجواز مختلف مقامات پر تبدیل کرکے ان کیلئے پریشانیاں پیدا کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ مذکورہ اہلکاران انتہائی احسن انداز میں مکمل فرض شناسی ، دیانتداری ، محنت اور لگن سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے اور ان کے بارے میں متعلقہ زنانہ و مردانہ کالجز کے پرنسپل صاحبان کو کسی قسم کی کوئی شکائت بھی نہ تھی ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ اقدام سے کلیریکل سٹاف اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن میں شدید اضطراب پایاجاتاہے لہٰذا ان کے تبادلہ جات روکنے کیلئے فوری احکامات جاری کئے جائیں ۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف ، صوبائی وزیر تعلیم ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن پنجاب سے بھی صورتحال کافوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مذکورہ تبادلے فوری منسوخ نہ کئے گئے تو آ ل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن دفاتر کی تالہ بندی ، قلم چھوڑ ہڑتال اور سڑکات پر آ کر احتجاج سے بھی گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر پھر بھی ان کے مسائل کی جانب کان نہ دھرے گئے تو وہ ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور کے باہر دھرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :