معیاری تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کے زینے طے کئے جا سکتے ہیں ، ضیاء اللہ آفریدی

جمعہ 3 اپریل 2015 16:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے معدنیات ضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت معیاری تعلیم کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ کیونکہ معیاری تعلیم کے بغیر اس جد ید دور میں ترقی کے زینے طے کرنا ممکن نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعہ کے روز گورنمنٹ کالج پشاور میں کیرئیر بلڈنگ سوسائٹی گورنمنٹ کالج پشاور کے زیر اہتمام فرسٹ بیچ بی ایس پروگرام کے فارغ التحصیل طلباء کے اعزاز میں منعقد ہ الوادعی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ضیاء اللہ آفریدین نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیمی معیار ی کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات اُٹھا رہی ہے اور ہر شعبہ میں میرٹ کی بالادستی کے قیام کو اولین ترجیح دے رہی ہے جبکہ گذشتہ ادوار میں میرٹ پالیسی کو نست ونابود کرکے سفارش ، اقرباپروری اور رشوت کے بل بوتے پر ملازمتیں دی گئیں جس سے ہمارے اداروں کی کارکردگی پر منفی اثراب مرتب ہوئے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ حکومت تمام سرکاری تعلیمی اداروں کی معیار کو ملک کے نامو رتعلیمی اداروں کے برابر لانے کے لئے حکمت عملی وضع کر رہی ہے جس سے یقیناعوام کا سرکاری تعلیمی اداروں پر بھرپور اعتماد قائم ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کالج کے پرنسپل اور دیگر اساتذہ کے کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے معیاری تعلیم کے حصول پر اپنی توجہ مرکوز کرنا ہو گی ۔

قبل ازیں پرنسپل گورنمنٹ کالج پشاور ڈاکٹر فضل سبحان نے کالج کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں ، کالج کی تاریخی پس منظر اور مستقبل کے اہداف پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کالج کو درپیش مسائل اور مشکلات کا بھی ذکر کیا جس پر صوبائی وزیر نے تمام وسائل و مشکلات کے حل کے لئے اپنی بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر بی ایس کے فارغ التحصیل طلباء نے سبق اموز خاکے پیش کئے ۔ جسے مہمان خصوصی سمیت حاظرین نے بے حد سراہا۔

متعلقہ عنوان :