یمن سے محصور پاکستانیوں کی واپسی آئندہ چند روز میں مکمل ہوجائیگی،انخلاء آپریشن کی نگرانی وزیراعظم خود کررہے ہیں،خواجہ آصف

جمعہ 3 اپریل 2015 16:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کی واپسی کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل کرلیا جائیگا،مسلمان ممالک کی مدد سے یمن کی صورتحال کا پرامن حل چاہتے ہیں،سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا عزم کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بینظیربھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر یمن سے آنیوالے پاکستانیوں کے استقبال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یمن سے زیادہ تر پاکستانیوں کو نکال لیا گیا ہے ، صنعا ء مکلا اور حدیدہ میں اب بھی 100کے قریب پاکستانی موجود ہیں جنہیں جلد از جلد نکالنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ صنعا ء ایئرپورٹ آپریشنل ہوا تو وہاں سے بھی پاکستانیوں کو نکالا جائیگا اور امید ہے کہ اگلے 2 دنوں میں تمام پاکستانیوں کو واپس لے آئینگے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خود یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء کے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی وزیردفاع سے یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلاء کی درخواست کی تھی،مسئلے کے پرامن حل کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا عزم کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :