مسیحی برادری نے ” گڈ فرائیڈے “ عقیدت و احترام سے منایا ،پرسوں ایسٹر کا تہوار منایا جائے گا

جمعہ 3 اپریل 2015 15:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے ” گڈ فرائیڈے “ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا ۔ لاہور ،کراچی، اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں کے گرجاگھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے ۔

”گڈ فرائیڈے “کی عبادت کے دوران گرجا گھروں کے پادریوں نے امن اور بھائی چارے کا درس دیااور ملکی سلامتی، امن وامان کے قیام، اوربین المذاہب ہم آہنگی کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔مسیحی عقائد کے مطابق گڈ فرائیڈے کا دن روزوں کے ایام کے آخری جمعہ کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو صلیب پر چڑھانے کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

مسیحی گڈ فرائیڈے کو حضرت عیسیٰ کی لازوال قربانیوں سے تعبیر کرتے ہوئے ان کے ساتھ عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہیں۔

مسیحیوں کے روزوں کے ایام کی اختتامی تقریبات کا آغاز گزشتہ اتوار سے ”پام سنڈے“سے ہوگیا تھا۔ جمعہ کو ”گڈ فرائیڈے“کے حوالے سے دنیا بھر میں بھی اسی نوعیت کی عبادتی تقریبات منعقد ہوئیں۔ لاہور میں ”گڈ فرائیڈے “ کی سب سے بڑی تقریب کیتھیڈرل چرچ مال روڈ میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں خصوصی دعا ؤں کے علاوہ مسیحی گیت بھی گائے گئے اورخیروبرکت کی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کل (اتوار )کو ایسٹر کا تہوار منائے گی ۔ ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المیسح بھی کہا جاتا ہے، جو دراصل مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو دوبارہ زندہ کر کے اٹھائے جانے کا دن ہے۔

متعلقہ عنوان :