پنجا ب میں 13 ہزار 715 مدارس کو جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل

جمعہ 3 اپریل 2015 14:53

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزارت داخلہ پنجاب نے ترمیمی آرڈیننس کے بعد اب تک 13 ہزار 715 مدارس کو جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرلیا ہے‘ 11 ہزار سے زائد افغان باشندوں کی بائیو میٹرک طریقہ سے تصدیق بھی کرلی گئی ہے ‘ وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے ماہ مارچ کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں 13 ہزار 729 مدارس میں سے 13 ہزار 715 کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اسی طرح پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں رہنے والے افغان باشندوں کی بڑی تعداد جس میں 11 ہزار 105 کی بائیو میٹرک تصدیق کروالی گئی ہے‘ جبکہ 14 ہزار 293 مقدمات درج کئے گئے ہیں 15 ہزار 57 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے 11 ہزار 215 کے چالان کئے گئے ہیں‘ جبکہ 1 ہزار 318 مقدمات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اسی طرح 9 ہزار 790 کیس اس وقت زیر التواء ہیں وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرگودھا سمیت پنجاب کے تمام اضلاع کے افغان باشندوں کی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل تیزی سے جاری ہے۔