بلدیہ عظمی کے محکمہ لوکل ٹیکسز نے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑادیں

اسٹے آرڈر کے باوجود کلفٹن تین تلوار پر لگے پول سائن رات کی تاریکی میں اتار دیئے گئے

جمعرات 2 اپریل 2015 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ لوکل ٹیکسز نے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑادیں۔ شہر میں لگے ہوئے قانونی سائن بورڈ ز کو ہٹادیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی سائن بورڈ ز شہر بھر میں آویزاں ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ لوکل ٹیکسز نے کلفٹن تین تلوار پر سینٹرل بیلٹ پر لگے ہوئے پول سائن کو رات کی تاریکی میں اتار لیئے جن پر سندھ ہائیکورٹ نے اسٹے آرڈرجاری کیاہوا تھا ۔

اس سلسلے میں جب سینئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز اختر شیخ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ کارروائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کے حکم پر کی گئی ہے ہم کسی عدالتی احکامات کو نہیں مانتے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا جواب صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن ہی دے سکتے ہیں ہم تو ان کے ماتحت ہیں جو حکم دیں گے ہم وہ پورا کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محکمہ لوکل ٹیکسز بلدیہ عظمی کا کرپٹ ترین محکمہ ہے جہاں رشوت کا بازار گرم رہتا ہے اور ایڈورٹائزر کو اپنے جائز کام کے لئے بھی لاکھوں روپے رشوت دینا پڑتی ہے ۔محکمہ کا عملہ سینئر ڈائریکٹر اختر شیخ کے حکم پر کسی بھی وقت بغیر کسی نوٹس کے سائٹوں کو کاٹ دیتے ہیں اور لاکھوں روپے ٹیکس دینے والے ایڈورٹائزر اپنے سامان کے لئے محکمہ کے چکر لگاتے رہتے ہیں ۔اور رشوت وصولی کے بعد محکمہ ان کے سائن بورڈ واپس کرتا ہے ۔